ایران کی سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ترک فوجی جاں بحق
انقرہ (یواین آئی): ترکیہ کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقے میں ایران کی سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ترک فوجی جاں بحق ہوگیا۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق فوجی یوسف ساہت اونلو سرحد عبور کرنے کی ایک کوشش روکنے کے لیے کارروائی کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ زخمی فوجی کو ہوائی جہاز کے ذریعے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے بچانے کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور یوسف ساہت اونلو دم توڑ گیا۔ترک حکام نے حالیہ برسوں میں غیر قانونی تارکین وطن، بالخصوص افغان شہریوں کو سرحد عبور کرنے سے روکنے کے لیے ایران کے ساتھ اپنی سرحد پر تقریباً 380 کلومیٹر طویل دیوار تعمیر کی ہے۔وزارت کے مطابق جون میں سرحد کے قریب ایک ٹینکر ٹرک کے خالی ٹینک میں چھپے ہوئے 30 غیر قانونی تارکین وطن بھی برآمد ہوئے تھے۔
