Featured

خان یونس کے ناصر اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملہ، سرجن سمیت 6 افراد جاں بحق

غزہ (یواین آئی): جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے باوجود غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کی علی الصبح خان یونس کے مغرب میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس میں چھ فلسطینی جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے دعویٰ کیا کہ طبی کمپلیکس کے اندر ایک مخصوص ہدف کو نشانہ بنا کر قتل کرنے کی کارروائی کی گئی۔ غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ فضائی حملہ کمپلیکس کی ‘الیاسین’ عمارت کی دوسری منزل پر کیا گیا۔ ان کے مطابق شہری دفاع کی ٹیموں نے پانچ لاشیں نکالیں اور 20 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

العربیہ اور الحدث کے نمائندے کے مطابق حملے میں ایک ڈاکٹر بھی اس وقت جاں بحق ہوا جب وہ طبی خدمات انجام دے رہا تھا۔ امدادی کارکنوں نے اس کی شناخت ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ کے طور پر کی، جو جنرل سرجری کے شعبے سے وابستہ تھےناصر اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ حملہ عمودی انداز میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں انتہائی نگہداشت اور سرجری کے شعبوں کو شدید نقصان پہنچا۔غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری میں 1614 فلسطینی جاں بحق اور 5849 زخمی ہو چکے ہیں۔