عالمی خبریں

ایران جنگ جیت لینے کا ٹرمپ کا دعویٰ لیکن مکمّل فتح کے متمنی

واشنگٹن (اسپوتنک/یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل کرے۔

ٹرمپ نے ویٹرنز ڈے (سابق فوجیوں کے دن) کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کہاکہ”ہم جیت چکے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمیں 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل ہو۔”ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کو ایران میں مزید کسی چیز کو تباہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ”ہم نے ایران میں جو کچھ تباہ کیا ہے، اسے دوبارہ تعمیر کرنے میں اسے 25 سال لگ جائیں گے۔ امید ہے کہ ہمیں اس ملک میں مزید کچھ تباہ نہیں کرنا پڑے گا۔”
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا، جس کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی جوابی کارروائی کی تھی۔ جون کے وسط میں تہران اور واشنگٹن نے جنگ بندی کے مقصد سے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے، لیکن اس کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں جانب سے ایک بار پھر حملے شروع ہوگئے۔ فی الحال یہ تنازع حل نہیں ہو سکا ہے۔