قومی خبریں

بولنا تو پڑیگا:یوگی کی کرسی، مودی کی حکومت اور امت شاہ کا خواب!

9968778671
اتر پردیش کی سیاست پر ایک بار پھر انتخاب کا بھوت سوار ہونے لگا ہے۔ سیاسی مبصرین اپنے تجزیوں میں یہ دعویٰ کرتے نظر آ رہے ہیں کہ فی الحال ریاست میں بی جے پی اور انڈیا الائنس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے اور اگر بی جے پی نے کوئی بڑا سیاسی کھیل نہ کھیلا تو یوگی آدتیہ ناتھ کے لئے مشکل کھڑی ہو سکتی ہے ۔ لیکن یوپی کی سیاست کو محض بی جے پی اور اپوزیشن کے درمیان انتخابی مقابلے کے تناظر میں دیکھنا بڑی سیاسی حقیقتوں سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہوگا۔ اس ریاست کی سیاست میں جو کشمکش باہر دکھائی دے رہی ہے، اس سے کہیں بڑا طوفان اقتدار کے اندر برپا ہے۔ دراصل اتر پردیش محض ایک ریاست نہیں، بلکہ دہلی کے اقتدار کی سب سے مضبوط بنیاد ہے۔ یہاں کی سیاسی کامیابی اور ناکامی کا براہ راست اثر مرکز کی حکومت پر پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یوپی میں یوگی آدتیہ ناتھ کی سیاسی بقا کا سوال صرف ان کی وزارت اعلیٰ تک محدود نہیں، بلکہ اس کا تعلق نریندر مودی کے بعد بی جے پی کی قیادت کے مستقبل سے بھی جڑ گیا ہے۔ یہ ایک کھلا راز ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی الگ سیاسی شناخت قائم کی ہے۔ ان کے حامی انہیں مودی کے بعد بی جے پی کے سب سے طاقتور چہرے کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ اگر وہ ایک بار پھر اتر پردیش میں اپنی حکومت بچانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پارٹی کے اندر ان کا قد یقیناً مزید بلند ہوگا۔ ایسی صورت میں انہیں محض ایک ریاست کا وزیر اعلیٰ سمجھنا ممکن نہیں رہے گا، بلکہ وہ قومی سطح پر قیادت کے مضبوط دعوے دار بن کر ابھریں گے۔ اس کا سیدھا مطلب یہ ہوگا کہ نریندر مودی کے بعد وزیر اعظم کی کرسی کے لیے امت شاہ کی راہ اتنی آسان نہیں رہے گی جتنی آج سمجھی جاتی ہے۔ یہیں سے سیاسی مبصرین ایک دلچسپ تھیوری پیش کرتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ امت شاہ کسی بھی قیمت پر یوگی آدتیہ ناتھ کو اتر پردیش میں دوبارہ کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہیں گے، کیونکہ یوگی کی کامیابی ان کے اپنے سیاسی مستقبل کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ بظاہر یہ دلیل وزن بھی رکھتی ہے، لیکن اس کے اندر ایک بنیادی تضاد موجود ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا امت شاہ جیسے منجھے ہوئے سیاسی کھلاڑی کو اتنی معمولی سی بات سمجھ میں نہیں آتی کہ یوگی کی شکست صرف یوپی کی حکومت کا خاتمہ نہیں ہوگی، بلکہ اس کے اثرات دہلی کے اقتدار تک پہنچ سکتے ہیں؟ اتر پردیش میں بی جے پی کی شکست مرکز میں این ڈی اے کی سیاسی پوزیشن کو کمزور کر سکتی ہے۔ ایسی صورت میں مودی حکومت کے لیے اپنے اقتدار کو محفوظ رکھنا آسان نہیں ہوگا۔ پھر امت شاہ کے لیے وزیر اعظم بننے کا خواب تو دور کی بات، موجودہ اقتدار اور سیاسی تحفظ کو برقرار رکھنا بھی ایک بڑا سوال بن سکتا ہے۔ یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سیاست میں ذاتی خواہشات ضرور ہوتی ہیں، لیکن اقتدار کے کھیل میں ہر خواہش کی ایک قیمت بھی ہوتی ہے۔ کیا امت شاہ اپنے مستقبل کے ممکنہ حریف کو کمزور کرنے کے لیے پورے اقتدار کو خطرے میں ڈالنے کا جوا کھیل سکتے ہیں؟ کیا وہ یہ چاہیں گے کہ یوگی کی سیاسی پرواز روکنے کی کوشش میں خود بی جے پی کی مرکزی حکومت ہی سیاسی بحران کا شکار ہو جائے؟ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب محض قیاس آرائیوں سے نہیں دیا جا سکتا۔ دوسری طرف یہ بھی ممکن ہے کہ مودی اور شاہ کی جوڑی یوگی کو ان کی مقبولیت اور انتخابی ضرورت کے پیش نظر برداشت کرتی رہے، لیکن انہیں قومی سطح پر اپنی سیاسی حدود سے آگے بڑھنے کا موقع نہ دے۔ یعنی یوگی کو یوپی کا اقتدار تو ملے، مگر دہلی کی قیادت کا راستہ ان کے لیے آسان نہ ہو۔ بی جے پی کی داخلی سیاست میں یہ توازن قائم رکھنا یقیناً ایک مشکل کام ہوگا، کیونکہ یوگی اب محض پارٹی کے ایک تابع دار وزیر اعلیٰ نہیں، بلکہ اپنی الگ سیاسی قوت اور عوامی حلقۂ اثر رکھتے ہیں۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ بی جے پی کے اندر اقتدار کی اگلی منزل کے لیے خاموش مقابلہ شروع ہو چکا ہے۔ مودی کے بعد کون؟ یہ سوال ابھی باضابطہ طور پر زیر بحث نہ ہو، لیکن سیاسی صف بندیوں، قیادت کے رویوں اور مختلف چہروں کی بڑھتی ہوئی اہمیت سے اس سوال کی موجودگی سے انکار بھی نہیں کیا جا سکتا۔ یوپی کا انتخاب اسی داخلی کشمکش کا ایک اہم امتحان بن سکتا ہے۔ تاہم اس پورے منظرنامے میں اپوزیشن کو بھی خود فریبی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ بی جے پی کے اندرونی اختلافات اپنی جگہ، لیکن انتخابی میدان میں وہ اب بھی ایک منظم سیاسی قوت ہے۔ انڈیا الائنس کے لیے محض بی جے پی کی داخلی رسہ کشی پر بھروسہ کرنا کافی نہیں ہوگا۔ اسے اپنی سیاسی حکمت عملی، اتحاد کی مضبوطی، ووٹوں کی منتقلی اور عوامی مسائل پر اپنی گرفت ثابت کرنی ہوگی۔ اس لیے یوپی کی سیاست کا اصل سوال صرف یہ نہیں کہ یوگی آدتیہ ناتھ اپنی کرسی بچا پائیں گے یا نہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ ان کی کامیابی یا ناکامی سے دہلی کے اقتدار اور بی جے پی کی آئندہ قیادت کا نقشہ کس طرح بدلے گا۔ امت شاہ کے عزائم، مودی کی سیاسی ضرورتیں اور یوگی کی بڑھتی ہوئی اہمیت، تینوں ایک دوسرے سے اس قدر جڑے ہوئے ہیں کہ کسی ایک کی شکست یا کامیابی کے اثرات باقی دونوں پر بھی پڑنا لازمی ہے۔ بظاہر مقابلہ بی جے پی اور انڈیا الائنس کے درمیان ہے، لیکن پردے کے پیچھے اقتدار کی اگلی نسل کا فیصلہ بھی اسی انتخاب سے جڑا دکھائی دیتا ہے۔ البتہ یہ فرض کر لینا کہ امت شاہ یوگی کو ہرانے کے لیے اپنی ہی حکومت کو داؤ پر لگا دیں گے، سیاسی منطق سے زیادہ خیالی سیاست معلوم ہوتی ہے۔ آخر کوئی بھی تجربہ کار کھلاڑی اپنے حریف کو مات دینے کے لیے شطرنج کی پوری بساط تو نہیں الٹ دیتا، خاص طور پر اس وقت جب اس بساط پر اس کی اپنی بادشاہت بھی قائم ہو۔ یوپی کی سیاست کا یہی سب سے دلچسپ پہلو ہے کہ یہاں لڑائی صرف حکومت بچانے کی نہیں، بلکہ مستقبل کے اقتدار کا راستہ طے کرنے کی بھی ہے۔ اور ممکن ہے کہ اس لڑائی کا سب سے بڑا فیصلہ انتخابی نتائج سے پہلے نہیں، بلکہ نتائج کے بعد دہلی کے بند کمروں میں ہو!