پیوش گوئل کا دورۂ مصر مکمل: تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
نئی دہلی، (یواین آئی) مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل کے مصر کے پہلے دوطرفہ دورے کے دوران ہندوستان اور مصر نے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مسٹر گوئل نے 15 اور 16 نومبر کو مصر کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور ہندوستان-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں سے بھی بات چیت کی۔دورے کے دوران مسٹر گوئل نے مصر کے وزیراعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی سے ملاقات کی اور مختلف وزرا کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیے۔ انہوں نے مصری رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کو گجرات کے گاندھی نگر میں منعقد ہونے والی وائبرنٹ گجرات سمٹ 2027اور نئی دہلی میں 4 سے 9 فروری 2027 تک ہونے والے انڈیا موبیلٹی 2027میں شرکت کی دعوت بھی دی۔وزارت تجارت کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو باہمی مفاد کے ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے)، آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) یا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کے امکانات اور طریقہ کار پر غور کرے گا۔15 نومبر کو مسٹر گوئل اور مصر کے وزیر سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت ڈاکٹر محمد فرید صالح نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کی۔ کمیٹی کو وزارتی سطح تک بڑھایا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی بڑھتی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس 2028 میں نئی دہلی میں یا اس سے پہلے باہمی طور پر طے شدہ تاریخ پر منعقد ہوگا۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور 12 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اشیا کی تجارت 5.04 ارب ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2025-26 میں ہندوستان نے مصر کو 3.87 ارب ڈالر کی اشیا برآمد کیں، جبکہ مصر سے 2.60 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔مذاکرات میں زراعت، ادویات، صحت خدمات، انجینئرنگ مصنوعات، کیمیکل، کھاد، ٹیکسٹائل، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں، قابل تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، خوراک کی سلامتی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلے، نمائشوں اور کاروباری ملاقاتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں ممالک نے مصر میں سرمایہ کاری کے مواقع، خصوصاً سویز کینال اکنامک زون میں امکانات کا جائزہ لیا۔ اس وقت تقریباً 70 ہندوستانی کمپنیاں مصر میں کام کر رہی ہیں، جن کی مجموعی سرمایہ کاری تقریباً پانچ ارب ڈالر ہے۔ مصر نے آٹوموبائل، ادویات، کیمیکل، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، انجینئرنگ، قابل تجدید توانائی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں ہندوستانی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔دونوں ممالک نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور فن ٹیک کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں ہندوستان کے یو پی آئی کو مصر کے انسٹا پے سے جوڑنے کے امکانات، مقامی کرنسیوں میں تجارت اور ہندوستان کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر سے مصر کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دورے کے دوسرے دن ہندوستان-مصر اسٹارٹ اپ فورم کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مسٹر گوئل نے مصر کے صنعت، خارجہ امور، منصوبہ بندی اور ٹرانسپورٹ کے وزرا سمیت کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ان مذاکرات میں بندرگاہوں کی جدید کاری، جہاز سازی، ہوائی اڈوں کی تعمیر اور میٹرو ریل نظام جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ہندوستانی کاروباری وفد نے افریقی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (افریکسِم بینک) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور منصوبوں کی تیاری، مالی معاونت، برآمدات کے فروغ اور صنعتی پارکوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ مسٹر گوئل نے مصر کے جونیئر بزنس مین ایسوسی ایشن کے ارکان اور وہاں مقیم ہندوستانی برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
