قومی خبریں

سونیا گاندھی کی جانب سے 1984 کے فسادات پر راجیو گاندھی کا دفاع

یادداشتوں پر مبنی کتاب میں اندرا گاندھی کے قتل اور اس کے بعد دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں سکھ برادری کے خلاف بھڑکنے والے تشدد کا ذکر کیا

نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ‘بلانگنگ: اے جرنی آف لو’ میں 1984 کے سکھ مخالف فسادات کو ہندوستان کی تاریخ کا ایک دردناک اور شرمناک باب قرار دیا ہے، لیکن اس معاملے میں اس وقت کے وزیر اعظم اور اپنے شوہر راجیو گاندھی کا دفاع کیا ہے۔
محترمہ گاندھی نے منگل 10 نومبر کو جاری ہونے والی اپنی اس کتاب میں 31 اکتوبر 1984 کو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل اور اس کے بعد دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں سکھ برادری کے خلاف بھڑکنے والے تشدد کا ذکر کیا ہے۔ محترمہ گاندھی نے ان فسادات کو بدقسمتی اور شرمناک قرار دیتے ہوئے اپنے شوہر کا دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راجیو گاندھی کے دل میں کسی کے لیے نفرت یا بدنیتی نہیں تھی اور وہ بے گناہ سکھوں پر حملوں کی اجازت نہیں دے سکتے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ راجیو گاندھی نے 19 نومبر 1984 کو ایک عوامی جلسے میں کہا تھا، ”جب کوئی بڑا درخت گرتا ہے تو زمین تھوڑی ہلتی ہے۔” اس وقت وہ وزیر اعظم بن چکے تھے۔ سونیا گاندھی کی کتاب میں ان کے اس متنازع بیان کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
سکھ مخالف تشدد سے متعلق مقدمات کی پیروی کرنے والے سینئر وکیل ایچ ایس پھلکا نے سونیا گاندھی کے بیان پر تنقید کی ہے۔ بی جے پی سے وابستہ پھلکا نے الزام لگایا ہے کہ محترمہ گاندھی نے اپنے خاندان کو الزامات سے بری ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے فوج کی تعیناتی میں تاخیر کے بارے میں بھی ان کے بیان پر سوال اٹھائے اور کہا کہ راجیو گاندھی کے بیان کو تشدد اور اس کے بعد کے حالات سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔
محترمہ گاندھی نے لکھا ہے کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد 31 اکتوبر کی رات راجیو گاندھی نے قومی ٹیلی ویژن پر امن قائم رکھنے کی اپیل کی تھی اور بعد میں تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا۔ ان کے مطابق راجیو نے لوگوں سے بدلہ نہ لینے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ راجیو کے دفتر کے ملازمین اپنے سکھ ساتھیوں کا پتا لگانے اور ان کی حفاظت کرنے کے لیے نکلے تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ کانگریس کے کچھ کارکنوں پر تشدد بھڑکانے اور حملوں کی قیادت کرنے کے الزامات لگے تھے۔ انہوں نے ان ہلاکتوں کو ملک کے سیاسی اور انتظامی اداروں کی شرمناک ناکامی قرار دیا اور تسلیم کیا کہ بہت سے متاثرین کو اب تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔
فوج کی تعیناتی میں تاخیر کے بارے میں محترمہ گاندھی نے لکھا ہے کہ اس وقت کے فوجی سربراہ جنرل اے ایس ویدیہ کو اندرا گاندھی کے قتل والی رات ہی احکامات مل گئے تھے، لیکن خاندان کو بعد میں ملی معلومات کے مطابق انہوں نے قریبی فوجی دستوں کو فوری طور پر بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا کیوں کہ ان دستوں میں سکھ فوجی تعینات تھے اور انہیں بھیجنے سے حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ تھا۔ اس کی بجائے دہرادون سمیت دور دراز مقامات سے فوجی دستے بلائے گئے۔ فوجی دستے یکم نومبر کی رات دہلی پہنچنا شروع ہوئے اور 2 نومبر تک تشدد سے متاثرہ علاقوں میں انہیں تعینات کیا گیا۔
مسٹر پھلکا نے اس بیان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کو بلانے اور تعینات کرنے کی ذمہ داری شہری انتظامیہ کی تھی اور تشدد کے دوران دہلی میں فوجی دستے موجود تھے۔ جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستیاب فوجی دستوں کو پہلے ہی تعینات کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر راجیو گاندھی نے 31 اکتوبر کو فوج بلانے کا حکم دیا تھا تو تشدد روکنے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے میں تاخیر کیوں ہوئی؟

کتاب میں جون 1984 میں اندرا گاندھی حکومت کی جانب سے گولڈن ٹیپل کے احاطے سے مسلح انتہا پسندوں کو نکالنے کے لیے چلائے گئے آپریشن بلیو اسٹار کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس سال یکم سے 8 جون تک جاری رہنے والے اس فوجی آپریشن میں گولڈن ٹیمپل کے احاطے اور اکال تخت کو بھاری نقصان پہنچا تھا اور بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے تھے۔ اس سلسلے میں محترمہ گاندھی نے لکھا ہے کہ جب اندرا گاندھی کو احاطے میں ہونے والی تباہی کی تصویریں اور ویڈیو دکھائی گئیں تو ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے تھے۔ محترمہ گاندھی نے اپنی کتاب میں اس فوجی کارروائی پر اندرا گاندھی کے دکھ اور پچھتاوے کو پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم، پھولکا نے سوال اٹھایا ہے کہ تصویریں دیکھ کر جذباتی ہونا فوجی کارروائی کے فیصلے پر پچھتاوے کا ثبوت کیسے ہو سکتا ہے؟

بی جے پی کے ترجمان سی آر کیسوان نے کتاب پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا نام ‘بلانگنگ’ کے بجائی ‘وائٹ واشنگ’ ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کتاب میں گاندھی خاندان کا دفاع کیا گیا ہے، لیکن 1984 کے فیصلوں کے نتائج کا مناسب ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے بی جے پی کی تنقید کو سیاسی فائدے کے لیے پرانے زخموں کو کریدنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی اس کتاب نے 1984 کے واقعات اور گاندھی خاندان کے کردار کو لے کر پرانی بحث دوبارہ شروع کر دی ہے۔ کتاب میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا دفاع کیے جانے کے باوجود ان کے متنازع بیان اور تشدد کے دوران حکومت کی سیاسی اور انتظامی جواب دہی سے متعلق سوالات کا کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا ہے۔