کھیل کھلاڑی

توانگ میں بین الاقوامی ٹورازم مارٹ کا انعقاد، 22 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے

نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) وزارت سیاحت اروناچل پردیش کے توانگ میں 14ویں بین الاقوامی ٹورازم مارٹ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ اس کا مقصد شمال مشرقی ہندوستان میں سیاحت کے امکانات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا اور تجارتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا ہے۔جمعرات سے شروع ہونے والے اس دو روزہ پروگرام میں 200 سے زائد خریداروں اور فروخت کنندگان سمیت سیاحت کے شعبے سے وابستہ مختلف فریقوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس میں 22 ممالک کے 43 بین الاقوامی خریدار بھی شامل ہوں گے۔مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت، وزیر مملکت سریش گوپی اور اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو 29 اکتوبر کو افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر نارتھ ایسٹ بازار اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ٹورازم مارٹ میں شمال مشرقی ہندوستان کی تمام آٹھ ریاستوں کے سیاحتی مقامات، دست کاریاں، روایتی فنون اور مقامی پکوان پیش کیے جائیں گے۔ 30 اکتوبر کو بزنس ٹو بزنس  (بی ٹو بی) ملاقاتوں اور سیاحت کی ترقی سے متعلق تکنیکی اجلاسوں کا انعقاد ہوگا۔ اسی روز مرکزی وزیر کی صدارت میں شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے سیاحت کی علاقائی میٹنگ بھی منعقد کی جائے گی۔