Featured

منی پور میں زہریلی شراب کا قہر: 15 افراد ہلاک، 200 سے زائد اسپتال میں داخل

امپھال/چندیل،  (ا یجنسیاں) منی پور کے ضلع چندیل میں زہریلی شراب پینے سے 15 افراد کی موت ہوگئی ہے، جبکہ 200 سے زائد افراد کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ شراب ضلع کاکچنگ کے علاقے سگنو سے خریدی گئی تھی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ چندیل میں مقامی سطح پر شراب تیار کرنے یا بنانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق، یہ معاملہ میتھانول کے زہریلے اثرات کا معلوم ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ یومنام کھیم چند سنگھ نے امپھال ویسٹ میں واقع شیجا ہاسپٹلس اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور امپھال ایسٹ میں واقع ببینا اسپتال کا دورہ کرکے ملاوٹی شراب پینے سے بیمار ہونے والے مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ اموات ہوئی ہیں۔ تمام مریضوں کو ریاستی دارالحکومت لایا گیا ہے، جہاں مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ سے بات چیت کرکے مریضوں کو فراہم کیے جانے والے علاج کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ معاملے میں ضروری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے حکام کو قصورواروں کی شناخت کے لیے تحقیقات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ملزمان کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔
صورتحال سے نمٹنے کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک طبی ٹیم اور ضروری ادویات ضلع چندیل روانہ کی گئی ہیں۔ شیجا اسپتال میں 140 سے زائد اور ببینا اسپتال میں 60 سے زیادہ مریضوں کا علاج جاری ہے۔ چار مریض انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، جبکہ ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ریمز) میں بھی مزید مریضوں کو لائے جانے کا امکان ہے۔ تمام متاثرین کا تعلق ضلع چندیل کے مختلف دیہات سے ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دورے کے وقت محکمہ صحت کے افسران اور دیگر سینئر سرکاری اہلکار بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
چندیل کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرمیندر کمار نے ڈپٹی کمشنر کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا کہ متاثرہ افراد چکپیکرونگ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے نونگپان، کھمباتھیل، دانگکھو، جولبانگچنگ اور کاننہاکو دیہات کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے دوبارہ واضح کیا کہ شراب ضلع کاکچنگ کے علاقے سگنو سے خریدی گئی تھی۔
چندیل کے ڈپٹی کمشنر نے صحت عامہ سے متعلق ایک مشاورتی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اموات کی اصل وجوہات کا پتہ طبی اور سائنسی جانچ کے بعد ہی چل سکے گا۔ پولیس نے شراب اور منشیات کے غلط استعمال کو روکنے میں تعاون کے لیے سماجی رہنماؤں اور شہری سماج کی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے