ریاستی خبریں

رودرپریاگ میں بارات سے لوٹ رہی بولیرو کے کھائی میں گرنے سے چار افراد ہلاک

ردرپریاگ/دہرا دون (یو این آئی) اتراکھنڈ کے ضلع رودرپریاگ کے تحت بارات سے واپس لوٹ رہی ایک بولیرو گاڑی کے کھائی میں گرنے سے اس میں سوار چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چھ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ ارپن یادوونشی نے منگل کو بتایا کہ پیر کی رات ضلع رودرپریاگ کے تھانہ اگستیہ منی علاقے کے تحت کنڈارا کے قریب ایک بولیرو بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ گاڑی میں کل 10 افراد سوار تھے، جو کنڈارا سے بارات میں شامل ہو کر واپس اپنے گاؤں رانسی کی جانب لوٹ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف پوسٹ رتوڑا سے سب انسپکٹر دھرمیندر سنگھ پوار کی قیادت میں ٹیم ضروری ریسکیو آلات کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی۔ گاڑی میں سوار چھ افراد زخمی حالت میں ملے جبکہ چار افراد کی موت ہو چکی تھی۔
اس کے بعد ٹیم کی جانب سے ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگوں کے ساتھ تال میل قائم کر کے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ تک سڑک کا راستہ نہ ہونے اور انتہائی دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے تقریباً چار کلومیٹر پیدل دشوار گزار راستہ طے کر کے زخمیوں اور لاشوں کو مرکزی سڑک تک پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مشترکہ ریسکیو آپریشن کے دوران تمام چھ زخمیوں امید سنگھ رانا (52)، راجندر سنگھ (56)، لوش رانا (25)، آٹھ سالہ ونشیکا، ارمیلا دیوی (33) اور پوجا (34) کو بحفاظت نکال کر علاج کے لیے اسپتال بھجوایا گیا۔ ان میں سے چار کو بہتر علاج کے لیے ہائر سینٹر ریفر کیا گیا ہے۔
وہیں حادثے میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں کو کھائی سے برآمد کر کے ضروری کارروائی کے لیے ضلع پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ مسٹر یدوونشی نے بتایا کہ حادثے میں کنور سنگھ ولد بچن سنگھ (60) ساکن گاؤں رانسی، اوکھیمٹھ، مدن سنگھ ولد موہن سنگھ (40)، سورت سنگھ ولد بھیم سنگھ (42) ساکن گاؤں دیڑا، اوکھیمٹھ اور بلویر سنگھ ولد بہاری سنگھ (70) ساکن گاؤں دادا گیڈ بستی، رانسی، اوکھیمٹھ کی موت ہو چکی ہے۔ جبکہ تمام زخمی بھی اوکھیمٹھ، رانسی گاؤں کے رہائشی ہیں۔