ریاستی خبریں

جمعیۃ علماء گوونڈی کی اہم میٹنگ – یکساں سول کوڈ پرعوام کی رائے دہی کی مہم تیز کرنے کا فیصلہ

‪ممبئی    : جمعیۃ علماء گوونڈی کے ارکانِ منتظمہ کی ایک اہم میٹنگ گزشتہ کل مسجد مصباح العلوم، روڈ نمبر 8، شیواجی نگر، گوونڈی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت صدر جمعیۃ علماء گوونڈی حافظ شمس الحق نے کی،جس میں ارکانِ منتظمہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔میٹنگ کا آغاز قاری یوسف کی تلاوت کلام پاک اور مولانامحمد اسید قاسمی کے نذرانۂ عقیدت سے ہوا۔
بعد ازاں جنرل سیکریٹری مولانا صدر عالم قاسمی نے UCC (یکساں سول کوڈ) کے تعلق سے مرکزی ہدایات پر روشنی ڈالی اورانہوں نے بتایا کہ حکومتِ مہاراشٹر نے UCCکے بارے میںعوام سے رائے طلب کی ہے، جس کی آخری تاریخ 15 دسمبر ہے۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے 9 نومبر کو ایک خصوصی ورکشاپ بھی منعقد کیا گیا تھا۔حکومت تک زیادہ سے زیادہ آراء پہنچانے کے لیے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی طرف سے ایک QR Code جاری کیا گیا ہے، جسے اسکین کرکے جی میل (Gmail) کے ذریعے براہِ راست رائے دی جا سکتی ہے۔
مولانا ولی اللہ صاحب نے حاضرین کو اس کا طریقۂ کار سمجھایا۔عوام میں بیداری پیدا کرنے اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے درج ذیل اہم فیصلے کیے گئے:مساجد کے ذریعے عوام سے پُر زور اپیل کی جائے گی۔عوامی مقامات اور مساجد کے باہر آگاہی بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔مساجد کے باہر ہیلپ ڈیسک (ٹیبلز) لگائے جائیں گے جہاں ماہر رضاکار عوام کے موبائل سے QR کوڈ اسکین کروا کر رائے درج کروانے میں مدد کریں گے۔مجلس کا اختتام رقت انگیز دعا پر ہوا۔