ریاستی خبریں

آسام میں ملک کا پہلا سرکاری ’پروٹون بیم تھراپی‘ یونٹ قائم کیا جائے گا

گواہاٹی۔۔ ایم این این۔وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے بتایا کہ آسام حکومت نے ہفتے کے روز بیلجیئم کی کمپنی ’آئن بیم ایپلی کیشنز (IBA) پارٹیکلز‘ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت شمال مشرقی ریاست آسام میں ملک کا پہلا سرکاری ’پروٹون بیم تھراپی‘ مرکز قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی کینسر کے علاج کروانے والے مریضوں، خاص طور پر بچوں کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں سرما نے کہا، “مجھے یہ بتاتے ہوئے بے حد فخر محسوس ہو رہا ہے کہ آسام نے 600 کروڑ روپے کی لاگت سے عوامی شعبے (پبلک سیکٹر) میں بھارت کا پہلا پروٹون بیم تھراپی مرکز قائم کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت  پر دستخط کیے ہیں۔”انہوں نے بتایا کہ اب تک، کینسر کے علاج کے لیے دنیا کے جدید ترین طریقوں میں سے ایک، ’پروٹون بیم تھراپی‘، بھارت میں صرف نجی ہسپتالوں میں ہی دستیاب تھی، جہاں اس پر 50 لاکھ روپے تک کا خرچہ آتا تھا۔انہوں نے مزید کہا، “آسام آج اس صورتحال کو بدلنے جا رہا ہے۔ یہ جدید ٹیکنالوجی انتہائی درستگی کے ساتھ صرف رسولی (ٹیومر) کو نشانہ بناتی ہے، جبکہ صحت مند بافتوں (ٹشوز) کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتی۔ مناسب مریضوں، بالخصوص بچوں کے لیے، یہ ایک بہت بڑا فرق لا سکتی ہے۔سرما نے مزید کہا، “ریاست بھر میں کینسر کے 17 ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں (جن میں سے 12 پہلے ہی فعال ہیں)، اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی سطح پر مسلسل رسائی کے پروگرام اور انسانی وسائل (ہیومن کیپیٹل( اور بنیادی ڈھانچے میں مستقل سرمایہ کاری کے ذریعے ہمارا مقصد واضح ہے: آسام کینسر کے علاج کا ایک عالمی مرکز بنے گا۔