انڈیا اتحاد کی ریلی کے پیش نظر دہلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات
نئی دہلی :قومی راجدھانی دہلی کے رام لیلا میدان میں آج انڈیا اتحاد کی ریلی کے پیش نظر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔ اس ریلی کا آغاز کنوٹ پلیس سے ہوگا اور یہ منٹو روڈ جنکشن سے ہوتے ہوئے اجمیری گیٹ کے راستے رام لیلا میدان تک پہنچے گی۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے لوگوں سے بڑی تعداد میں اس ریلی میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ دہلی میں تمام اپوزیشن پارٹیوں، کارکنوں، طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سمیت اپوزیشن کے کئی بڑے رہنما بھی اس ریلی میں شرکت کرنے والے ہیں۔ریلی کے پیش نظر 4000 سے زائد پولیس اہلکاروں اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیکورٹی کے پیش نظر پروگرام کے مقام کو 14 زون میں تقسیم کیا گیا ہے اور 200 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ افسران کے مطابق پولیس نے اس ریلی کے لیے سیکورٹی اور ٹریفک کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا اتحاد کی ریلی میں 50 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ سیکورٹی فورسز کو منٹو برج سے پروگرام کے مقام تک مارچ کے راستے اور رام لیلا میدان میں تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر انوراگ کمار نے ہفتہ کے روز منٹو روڈ اور رام لیلا میدان میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسپیشل کمشنر، جوائنٹ کمشنر اور وسطی دہلی و نئی دہلی اضلاع کے ڈپٹی کمشنر سمیت کئی سینئر افسران بھی موجود تھے۔
