ریاستی خبریں

اڈیشہ کے محکمہ جنگلات میں فرضی دعوؤں کے ذریعے 1.23 کروڑ روپے کا فراڈ

بھوبنیشور،  (یو این آئی) اڈیشہ کے ست کوشیا وائلڈ لائف ڈویژن کے ایک سینئر اسسٹنٹ نے مبینہ طور پر ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم (ایچ آر ایم ایس) پورٹل تک اپنی سرکاری رسائی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کے نام پر تنخواہوں سے متعلق فرضی دعوے تیار کیے اور ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اپنے اور دو ساتھیوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کرلی۔ اڈیشہ ویجیلنس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
ملزم اجے کمار نائک ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کے دفتر کے اسٹیبلشمنٹ سیکشن میں تعینات تھا، جہاں اس کی ذمہ داری ملازمین کی تنخواہوں، غیر استعمال شدہ چھٹیوں کے عوض ملنے والی رقم اور بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق کارروائی انجام دینا تھی۔
الزام ہے کہ نائک نے آن لائن ادائیگی کے ریکارڈ میں ردوبدل کرکے ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کے نام پر غیر استعمال شدہ چھٹیوں کی تنخواہ اور بقایاجات کے فرضی دعوے تیار کیے۔ اس کے بعد اس نے مبینہ طور پر قانونی مستحقین کے لیے مختص رقم اپنے اور اپنے دو ساتھیوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کردی۔ یہ رقم خزانے کے ذریعے این ای ایف ٹی لین دین کے راستے منتقل کی گئی۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ یہ فرضی لین دین یکم جنوری 2019 سے 30 جون 2025 کے درمیان انجام دیے گئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 1,23,52,547 روپے کی خرد برد ہوئی۔
مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد نائک اکتوبر 2026 سے فرار تھا۔ ویجیلنس ٹیم نے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے جمعہ کی رات انگول شہر میں اسے اس وقت گرفتار کرلیا، جب وہ کار میں اپنے گھر کی طرف جا رہا تھا۔