ریاستی خبریں

سنگرور میں پی آر ٹی سی بس اوور برج سے ٹکرائی، 3 افراد ہلاک، 24 زخمی

سنگرور (یو این آئی) پنجاب کے سنگرور ضلع میں پنجاب روڈ ویز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (پی آر ٹی سی) کی ایک بس اوور برج سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 3 مسافروں کی موت ہوگئی اور 24 دیگر زخمی ہوگئے۔حادثے کے وقت بس چندی گڑھ جارہی تھی۔ حادثے میں کئی مسافروں کو چوٹیں آئیں، جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔

بس میں سفر کرنے والے مسافروں نے بتایا کہ حادثے سے پہلے انہیں اچانک 3 جھٹکے محسوس ہوئے تھے۔ تاہم حادثہ کن حالات میں پیش آیا، اس کی صحیح وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔اطلاع کے مطابق پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کردیا۔حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت، زخمیوں کی حالت، حادثے کی صحیح جگہ اور اس کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔