رحمت شاہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں جگہ بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بنے
دبئی (یو این آئی) افغانستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان رحمت شاہ آئی سی سی مردوں کی ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں کسی بھی زمرے کے ٹاپ 10 میں جگہ بنانے والے اپنے ملک کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ کے مطابق زمبابوے کے خلاف شارجہ میں کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 173 رن بنانے کے بعد رحمت شاہ ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں چھ مقام کی چھلانگ لگا کر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس اننگز کی بدولت انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ بھی حاصل کی۔ یہ میچ ڈرا رہا تھا۔
رحمت شاہ کا یہ پانچواں ٹیسٹ سنچری تھا اور رواں سال ان کی دوسری سنچری تھی۔ انہوں نے ہندوستانی کپتان شبمن گل، جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مارکرم اور سری لنکا کے بلے باز کامندو مینڈس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ بنائی۔اس ماہ کے آغاز میں افغانستان نے زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف سہ فریقی سیریز جیتنے کے بعد آئی سی سی مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں چھٹا مقام حاصل کیا تھا۔زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی کریگ ارون کو بھی شارجہ ٹیسٹ سے فائدہ ہوا۔ دوسری اننگز میں ناٹ آؤٹ 206 رن بنانے کے بعد وہ ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں نو مقام کی بہتری کے ساتھ 48ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ختم ہونے کے بعد بھی کئی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر جومیل واریکن نے سیریز میں 16 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی سیریز کی کارکردگی کے بعد ٹیسٹ گیندبازوں کی فہرست میں 11 مقام اوپر چڑھ کر مشترکہ طور پر 19ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ یہ ان کے کیریئر کی بہترین ریٹنگ ہے۔ ان کے ساتھی جسٹن گریوز نے 46 اور 51 رن بنانے کے علاوہ ایک وکٹ بھی حاصل کی، جس کے بعد وہ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں ایک مقام اوپر چڑھ کر مشترکہ طور پر آٹھویں نمبر پر آگئے۔
ویسٹ انڈیز کے کیویم ہوج 12 مقام کی بہتری کے ساتھ 52ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ بنگلہ دیش کے توحید ہردوئے، جو اس سے پہلے ٹاپ 100 سے باہر تھے، بلے بازوں کی رینکنگ میں 60ویں مقام پر آگئے۔ ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز امیر جنگو نے بھی 28 مقام کی چھلانگ لگاتے ہوئے 62ویں نمبر پر جگہ بنائی۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے دو مقابلوں کے بعد تازہ ون ڈے رینکنگ میں بھی تبدیلیاں ہوئی ہیں، جس سے دونوں ٹیموں کے کئی گیندبازوں کو فائدہ پہنچا۔
ہندوستانی آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے ویلنگٹن میں دوسرے میچ میں 28 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ون ڈے گیندبازوں کی رینکنگ میں 23 مقام کی بہتری کے ساتھ 21واں مقام حاصل کر لیا۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز ارشدیپ سنگھ آکلینڈ میں سیریز کے پہلے میچ میں چار وکٹیں لینے کے بعد 11 مقام اوپر چڑھ کر مشترکہ طور پر 31ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ سیریز میں اب تک سب سے زیادہ سات وکٹیں لینے والے گرنور برار نے ہندوستانی گیندبازوں میں سب سے بڑی چھلانگ لگائی اور ٹاپ 100 سے باہر رہنے کے بعد 48ویں نمبر پر آگئے۔نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز جیکب ڈفی اور کائل جیمیسن کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔ ڈفی آٹھ مقام اوپر چڑھ کر مشترکہ طور پر 43ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ جیمیسن نے 24 مقام کی چھلانگ لگاتے ہوئے 60واں مقام حاصل کیا۔
