ریاستی خبریں

ریکھا گپتا نے حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھی 51 بیٹیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے چیک اور کروَا چوتھ کٹ پیش کیے

نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کے روز 51 نو بیاہتا بیٹیوں کو ان کے پہلے کروَا چوتھ کے موقع پر ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کے چیک اور کروَا چوتھ کٹ پیش کیے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تمام بیٹیوں کو پہلے کروَا چوتھ کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کی خوش حال، خوش گوار اور آسودہ ازدواجی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیٹیوں سے اپنائیت کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے خاندانوں اور ازدواجی زندگی کے تجربات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔وزیر اعلیٰ نے بیٹیوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا، دہلی کی ہر بیٹی کی بڑی بہن کی حیثیت سے میں اس کے ساتھ کھڑی ہوں۔ کسی بھی پریشانی میں گھبرائیں نہیں، اپنی بات کھل کر بتائیں۔ آپ اکیلی نہیں ہیں، آپ کے مسائل کو حساسیت کے ساتھ سنا جائے گا۔انہوں نے بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ خود اعتمادی کے ساتھ اپنے خوابوں کو پورا کریں، اپنی الگ شناخت بنائیں اور زندگی میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کی خوشی، عزت اور خود انحصاری سب سے زیادہ اہم ہے۔ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ انہیں ہر حال میں عزت، تحفظ اور تعاون کا احساس ہو۔ان تمام بیٹیوں کی شادیاں لاڈلی فاؤنڈیشن کی جانب سے رواں سال مارچ میں منعقدہ اجتماعی شادی کی تقریب میں کرائی گئی تھیں۔ اجتماعی شادی کے بعد پہلے کروَا چوتھ کے موقع پر ہر بیٹی کو ایک لاکھ روپے کی مالی امداد اور کروَا چوتھ کٹ پیش کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد نو بیاہتا بیٹیوں کو مالی سہارا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی کے اس خاص موقع کو یادگار بنانا ہے۔