ریاستی خبریں

کار اور موٹر سائیکل کی آمنے سامنے ٹکر میں طالب علم کی موت

یتول،  (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول میں ملٹائی-ناگپور قومی شاہراہ پر پیر کو کار اور موٹر سائیکل کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں ایک طالب علم کی موت ہوگئی، جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق کھڑکی کے رہنے والے 15 سالہ میانک سونارے ولد کملیش سونارے پیر کی صبح اپنے ایک ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔ دونوں پربھات پٹن میں زیر تعلیم تھے۔ اسی دوران ملٹائی-ناگپور قومی شاہراہ پر ورودھ روڈ چوراہے کے قریب ان کی موٹر سائیکل کی بھوپال سے ناگپور کی جانب جارہی ایک کار سے آمنے سامنے ٹکر ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل اچھل کر سڑک سے دور جاگری اور کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد موقع پر راہگیروں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ راہگیروں کی مدد سے چاروں زخمیوں کو فوری طور پر ملٹائی کے ایک نجی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد میانک کو مردہ قرار دے دیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار اس کا ساتھی اور کار میں سوار بھوپال کے رہنے والے ابھیشیک (41) اور امیت دھروے (40) زخمی ہوگئے۔ تینوں کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی متوفی طالب علم کے اہل خانہ اور رشتے دار اسپتال پہنچ گئے۔ میانک کی اچانک موت سے کھڑکی گاؤں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔