کھیل کھلاڑی

ہندوستان پہلے ٹیسٹ میں چار تیز گیند بازوں کو اتار سکتا ہے: گل

پریس کانفرنس میں کہا، "یہاں ہم نے جو ٹیسٹ میچ دیکھے ہیں، ان میں ابتدائی دو دن کا کھیل باقی تین دنوں سے بہت الگ ہوتا ہے

ویلنگٹن،  (یو این آئی) ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے کہا ہے کہ جمعرات سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں وہ چار تیز گیند بازوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔منگل کے روز گھنے بادلوں اور وقفے وقفے سے ہو رہی بوندا باندی کے درمیام بیسن ریزرو کی پچ پر گھاس کی موٹی تہہ دکھائی دے رہی تھی۔ نیوزی لینڈ میں عام طور پر ایسا ہی ہوتا ہے۔ وہاں پچیں شروع میں تیز گیند بازوں کو بہت مدد دیتی ہیں، لیکن ٹیسٹ میچ آگے بڑھنے کے ساتھ بلے بازی کے لیے آسان ہوتی جاتی ہیں۔ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں چھ ماہر تیز گیند باز ہیں؛ جسپریت بمراہ، محمد سراج، پرسدھ کرشنا، آکاش دیپ، کمبوج اور گرنور برار۔ ان کے علاوہ ریڈی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
گل نے آج پریس کانفرنس میں کہا، “یہاں ہم نے جو ٹیسٹ میچ دیکھے ہیں، ان میں ابتدائی دو دن کا کھیل باقی تین دنوں سے بہت الگ ہوتا ہے۔”
اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے وہ ایسا تیز گیند بازی حملہ چاہتے ہیں، جو ہر طرح کی صورتحال سے نپٹ سکے۔ اس میں نئی گیند سے سوئنگ، ابتدائی دو دنوں میں سیم موومنٹ اور پچ کے سپاٹ ہونے پر تیز گیند بازوں کا ہٹ دی ڈیک گیند بازی کرنا شامل ہے۔ انہوں نے اسپنر کے رول پر بھی زور دیا، جسے ایک سائیڈ سے خاص طور پر دوسری اننگ میں ویلنگٹن میں چلنے والی تیز ہواؤں کے خلاف گیند بازی کرتے وقت رن روکنے ہوں گے۔ رویندر جڈیجہ کا اکلوتے اسپنر کے طور پر کھیلنا اور سات نمبر پر بلے بازی کرنا تقریباً طے ہے، جبکہ واشنگٹن سندر ان کے بیک اپ ہوں گے۔
انہوں نے کہا، “ہم یقینی طور پر چار تیز گیند بازی کے متبادل چاہتے ہیں، لیکن ابھی یہ طے کر رہے ہیں کہ وہ کون ہوں گے۔ ہم ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہتے ہیں۔ ہم نے دیکھا ہے کہ تیسرے، چوتھے اور پانچویں دن، خاص طور پر پرانی گیند سے، پچ تھوڑی سپاٹ ہو جاتی ہے۔ اس لیے ہمارے تیز گیند بازی اٹیک میں کوئی ایسا ہونا چاہیے، جس کے پاس رفتار ہو اور جو مسلسل صحیح جگہ پر گیند ڈال سکے۔ اس کے علاوہ ہم ایک اسپنر کے ساتھ اترنا چاہیں گے، جو ایک سائیڈ سے رن روک سکے۔ کیونکہ اگر ہوا تیز چل رہی ہو تو ان کے خلاف گیند بازی کرنا آسان نہیں ہوگا۔”
انہوں نے کہا، “ہوا کے خلاف گیند بازی کرتے وقت تیز گیند باز کا رول تقریباً آدھا رہ جاتا ہے۔ اس لیے ہم کئی باتوں کو دھیان میں رکھ کر فیصلہ کریں گے۔”
گل کے ٹیسٹ کپتان اور گوتم گمبھیر کے کوچ بننے کے بعد سے بلے بازی میں گہرائی ہمیشہ سے اہم رہی ہے۔ گمبھیر کے دور میں ایشیا کے باہر ٹیسٹ میچوں میں نمبر 8 پر بلے بازی کرنے والے پانچ کھلاڑی – ریڈی، واشنگٹن، شاردل ٹھاکر، آر اشون اور دھرو جریل – سبھی آل راؤنڈر یا وکٹ کیپر بلے باز رہے ہیں۔ اگر ہندوستان ویلنگٹن میں چار تیز گیند بازوں کے ساتھ اترتا ہے، تو یہ اس روایت سے بے حد الگ ہوگا۔ حالانکہ، گل نے اشارہ دیا کہ ضرورت پڑنے پر کمبوج یا آکاش دیپ آٹھ نمبر پر بلے بازی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “مثال کے طور پر ہم سات ماہر بلے بازوں کے ساتھ اترنا چاہتے ہیں اور پھر نمبر 8 اور 9 کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ ہم کس کمبینییشن کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ آکاش تھوڑی بلے بازی کر سکتے ہیں، انشل بھی تھوڑی بلے بازی کر سکتے ہیں۔ اگر ہم ریڈی کے ساتھ بھی اترتے ہیں، تو وہ ایک ماہر بلے باز ہیں۔ اس لیے ہم دیکھیں گے کہ ہمیں کس طرح کا کمبینییشن چاہیے اور ہم کیا کرنا چاہتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ خاص طور پر دوسری اننگ کی بات کریں تو اسپنر کا رول بھی ہوگا، جو ایک سائیڈ سے رن روکے گا۔ اس کے ساتھ کم از کم دو ایسے گیند باز ہونے چاہیے، جو گیند کو پچ پر تیزی سے پٹخ سکیں اور 140 کلومیٹر فی گھنٹہ یا 135 سے کچھ زیادہ کی رفتار سے گیند بازی کر سکیں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ اہم باتیں ہیں، خاص طور پر تب جب گیند پرانی ہو جاتی ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ کوکابورا گیند پرانی ہونے کے بعد اس کی سیم تھوڑی گھس جاتی ہے اور وہ نئی گیند کی طرح پچ سے اتنی موومنٹ نہیں کرتی۔ ایسے میں آپ کو کسی ایسے گیند باز کی ضرورت ہوتی ہے، جو گیند کو تیزی سے پچ پر پٹخ سکے اور لگاتار وکٹ لینے کے موقع بنا سکے۔
انہوں نے کہا، “چار تیز گیند بازوں کے ساتھ کھیلنے کی وجہ یہ ہے کہ آپ ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہتے ہیں۔ اگر پچ پر گیند بازوں کے لیے مدد ہے اور گیند سیم ہو رہی ہے، تو آپ کے پاس ایسا تیز گیند باز ہونا چاہیے جو لگاتار صحیح جگہ پر گیند ڈال سکے۔ اگر گیند پچ سے موو نہیں کر رہی ہے، تو ایسا گیند باز چاہیے جو پوری طاقت لگا کر لگاتار ہارڈ لینتھ پر گیند بازی کر سکے۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر ہم زیادہ تر حالات کے لیے تیار رہتے ہیں اور اپنی پوری صلاحیت سے کھیلتے ہیں، تو ہمارے پاس انہیں ہرانے کا پورا موقع ہوگا۔” انہوں نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ تیز گیند بازی کرنے والا اور لمبا قد رکھنے والا کوئی کھلاڑی یہ کردار نبھا سکتا ہے۔ گرنور اور پرسدھ میں سے ہم دیکھیں گے کہ کون پانچوں دن ہمارے لیے زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ ہم اسی کو چنیں گے۔
ہندوستان نے پچھلی بار 2019-20 میں نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔ اس سیریز میں ہندوستان پہلی اننگ میں نیوزی لینڈ کو زبردست ٹکر دینے میں کامیاب رہا تھا، لیکن دونوں ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں پچھڑ گیا اور 0-2 سے سیریز ہار گیا۔ اس وقت گل کو ٹیسٹ کیپ نہیں ملی تھی، لیکن وہ ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ہندوستانی کپتان نے کہا، “مجھے اس سیریز سے جو بات یاد ہے، وہ یہ کہ انہوں نے ہمیں کئی الگ الگ طریقوں سے چیلنج کیا تھا لیکن مجھے لگا کہ وہ ہم سے کہیں زیادہ تیار تھے اور انہیں اچھی طرح پتہ تھا کہ اپنی مضبوطیوں کے دم پر ہماری کمزوریوں کو کیسے نشانہ بنانا ہے۔”