اگرتلہ (یو این آئی) تریپورہ میں محکمہ داخلہ کی ذمہ داری سنبھالنے والے وزیر اعلیٰ کے اس انکشاف کے بعد کہ گزشتہ سال نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آٹھ مہینوں میں 1795 معاملات میں 1374 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، اپوزیشن جماعتوں نے ریاست میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی ایم) کے ایم ایل اے جتیندر چودھری کے سوال پر، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا نے کہا کہ ان معاملات میں قتل، غیر فطری موت، اجتماعی عصمت دری، عصمت دری، گھریلو تشدد، اغوا، ڈکیتی، آتش زنی اور منشیات کی اسمگلنگ شامل ہیں۔پولیس کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ گزشتہ سال مارچ سے نومبر کے درمیان قتل کے 81 معاملات میں 120 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ غیر فطری حالات میں 948 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اجتماعی عصمت دری کے 10 واقعات میں کم از کم 30 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ عصمت دری کے 101 دیگر کیسز میں 114 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دلہنوں کے قتل کے 16 مقدمات میں مجموعی طور پر 30 افراد کو گرفتار کیا گیا، اغوا کے 95 معاملات میں 80 افراد اور ڈکیتی کے ایک کیس میں 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔اس دوران ڈکیتی کے پانچ معاملات میں کم ازکم سات، غنڈہ گردی کے تین معاملات میں چارلوگوں کو گرفتار کیاگیا، جب کہ آتش زنی اور لوٹ مار کے الزام میں 25 معاملے درج کئے گئے اور منشیات کی اسمگلنگ سے متلعق 510 معاملات میں 978 افراد کو گرفتار کیا گیا۔اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ، سی پی ایم کے ایم ایل اے چودھری نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بی جے پی کی زیر قیادت حکومت پر تنقید کی اور الزام لگایا، ‘‘سیاسی حملوں اور آتش زنی، بھتہ خوری، اپوزیشن کے حامیوں پر مظالم کے سینکڑوں واقعات ہوئے ہیں لیکن پولیس نے رپورٹ نہیں کیا۔’’ کیونکہ پولیس نے حکمران جماعت کے دباؤ کی وجہ سے ایسے جرائم درج کرنے سے انکار کر دیا۔کانگریس ایم ایل اے سدیپ رائے برمن نے کہا کہ منشیات کے زیادہ تر اسمگلرحکمراں پارٹی کے لیڈروں، یہاں تک کہ کچھ منتخب نمائندوں سے متعلق پائے گئے ہیں اور وزیر اعلیٰ کو ثبوتوں کے ساتھ متعدد اطراف سے معلومات دی گئی ہیں، لیکن وہ حیران کن خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔منشیات کے کاروبار میں جو بھی پکڑا جا رہا ہے وہ یا تو استعمال کرنے والا ہے یا پینڈرس، لیکن مکمل معلومات ملنے کے باوجود، سرغنہ پولیس کی گرفت سے دور ہیں۔ رائے برمن نے کہا، ہم اپنے نوجوانوں کو بچانے کے لیے تمام این ڈی پی ایس کیسز کو ایک آزاد ایجنسی کو بھیجنے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ آج ریاست میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد منشیات کے عادی ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔












