منیلا:جنوبی فلپائن کے داؤ اورینٹل صوبے میں جمعہ کی صبح 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے فلپائنی انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی نے منڈاناؤ کے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی۔انسٹی ٹیوٹ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 43 منٹ پر آیا، جو مانے کی میونسپلٹی سے تقریباً 44 کلومیٹر شمال مشرق میں 20 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ ادارے نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.6 بتائی تھی۔انسٹی ٹیوٹ نے ساحلی آبادیوں کے رہائشیوں کو مشورہ دیا کہ وہ فوری طور پر اونچی جگہ پر چلے جائیں اور ساحل سے دور رہیں۔ اس نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ ایک میٹر سے زیادہ بلند سونامی کی خطرناک لہریں چند منٹوں سے گھنٹوں کے اندر زلزلے کے مرکز کے قریب کے علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔سونامی کی وارننگ میں کہا گیا کہ یہ لہریں گھنٹوں جاری رہ سکتی ہیں۔” نیز یہ بھی کہا گیا ہے کہ عام لہروں سے ایک میٹر سے زیادہ بلند ہوسکتی ہیں اور بند خلیجوں اور آبنائے میں اور بھی بلند ہوسکتی ہیں۔”ممکنہ جھٹکوں اور سطح سمندر کی تبدیلیوں کے پیش نظر داواؤ اورینٹل، داواؤ ڈی اورو اور آس پاس کے صوبوں میں مقامی آفات کے خطرے میں کمی کے دفاتر کوالرٹ پر رکھا گیا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے مشرقی ویزاس کے علاقے، خاص طور پر مشرقی سمار، جنوبی لیٹے اور وسطی فلپائن کے لیٹے صوبوں میں محسوس کیے گئے۔مقامی حکام نے بتایا کہ طاقتور زلزلے کے باعث علاقے میں کچھ عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔