نئی دہلی،16؍دسمبر: کسٹم حکام نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو غیر ملکی شہریوں سے تین کلو گرام سے زیادہ وزنی اور 1.96 کروڑ روپے مالیت کی 27 سونے کی سلاخیں ضبط کی ہیں۔ وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیقات کی بنیاد پر، کسٹم حکام نے جمعرات کو دو ازبک شہریوں جمیراخون کبیرووا اور مخپیراخون ممتخودزیوا کے خلاف سونے کی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا۔”دہلی کسٹمز پریوینٹیو، نیو کسٹمز ہاؤس نے کل اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو غیر ملکی شہریوں سے 1.96 کروڑ روپے کی مالیت کی تین کلو گرام سے زیادہ سونے کی 27 سلاخیں ضبط کیں”۔متعلقہ لوگ جمعرات کی صبح شارجہ سے لکھنؤ اترنے کے بعد لکھنؤ سے دہلی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ نمبر 6E 6281 کے ذریعے ڈومیسٹک ٹرمینل-T-1، اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔وزارت نے کہا کہ سامان کی تلاشی لینے اور مکمل جسمانی معائنہ کرنے کے بعد، ان سے 27 سونے کی سلاخیں برآمد ہوئیں جن کا وزن 3150 گرام ہے، جن کی مالیت تقریباً 1.96 کروڑ روپے ہے۔وزارت نے کہا کہ ان دونوں افراد کو کسٹم ایکٹ 1962 کی دفعہ 104 کے تحت جمعہ کو گرفتار کیا گیا۔