سید پرویز قیصر
راجستھان رائلز کے خلاف کولکاتہ میں ہوئے میچ سے قبل ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے سنیل نارائین نے چھ ٹسٹ میچوں کی سات اننگوں میں،65 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی 45 اننگوں میں،51 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی23 اننگوں میں،13 فرسٹ کلاس میچوں کی18 اننگوں میں،116 ایک روزہ میچوں کی74 اننگوں میں،503 ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی318 اننگوں میں اورانڈین پریمیر لیگ کے 167 میچوں کی101 اننگوں میں بلے بازی کی تھی مگر کبھی سنچری اسکور نہیں کی تھی۔کل632 میچوں کی410 اننگوں کے بعد بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے504 ویں ٹونٹی ٹونٹی میچ کی319 ویں اننگ میں اپنی پہلی سنچری بنائی اور سب سے زیادہ اننگوں کے بعد پہلی سنچری بنانے والے بلے باز بنے۔
سنیل نارائین نے راجستھان رائلز کے خلاف89 منٹ میں56 بالوں پر13 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے109 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی سنچری49 بالوں پر مکمل کی تھی جو کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے لئے انڈین پریمیر لیگ میں مشترکہ طور پر سب سے تیز سنچری تھی۔ وینکٹیش ایر نے ممبئی انڈینس کے خلاف ممبئی میں16 اپریل2023 کو جب82 منٹ میں51 بالوں پر چھ چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے104 رن بنائے تھے تو سنچری49 بالوں پر مکمل کی تھی۔ ان دونوں میچوں میں کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کو شکست ہوئی تھی۔کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے لئے انڈین پریمیر لیگ میں پہلی سنچری نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے برینڈن میکولم نے بنائی تھی۔ انہوں نے 18 اپریل2008 رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف بنگلور میں انڈین پریمیر لیگ کے پہلے میچ میں73 بالوں پر دس چوکوں اور تیرہ چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر158 رن بنائے تھے۔ اس میچ میں کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کو140 رن سے جیت حاصل ہوئی تھی۔
سنیل نارائین جب بھی کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے لئے اننگ کی شروعات کی ہے ، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے46 مرتبہ کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کی اننگ کی شروعات کی ہے اور21.85 کی اوسط اور177.88 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے1005 رن بنائے ہیں۔56 اننگوں میں انہوں نے مختلف مقامات پر بلے بازی کی ہے اور8.80 کی اوسط کے ساتھ 317 رن بنائے ہیں جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔
اس میچ میں سنیل نارائین نے سنچری کے ساتھ ساتھ دو وکٹ لئے اور ایک کھلاڑی کو کیچ کیا۔ ان سے پہلے ایسا تین مرتبہ دو کھلاڑیوں نے کیا ہے۔ کریس گیل نے ایسا دو مرتبہ کیا ہے جبکہ شین واٹسن ایک مرتبہ سنچری کے ساتھ وکٹ بھی حاصل کئے تھے۔اپنی آف اسپین بالنگ سے انہوں نے پنجاب کنگس کے خلاف15 اپریل2012 میں کولکاتہ میں چار اوور میں 19 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ وہ ایسے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے انڈین پریمیر لیگ میں سنچری کے ساتھ ساتھ ایک اننگ میں پانچ کھلاڑیوں کو بھی آوٹ کیا ہے۔
اپنی 109 رن کی اننگ میں وہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے چار ہزار رن مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔ انہوں نے504 میچوں کی319 اننگوں میں ایسا کیا اور سب سے سست چار ہزار ر ن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ فیصل فیچرس