روہتک : ہریانہ میں بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے ۔ در اصل سابق وزیر اعلی بھوپیندر ہڈا کے ساتھ، دادری سے آزاد ایم ایل اے سومبر سنگوان، پلندری سے رندھیر گولن اور دھرم پال گوندھر کانگریس کی حمایت کے لیے پہنچے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تین آزاد ممبران اسمبلی نے بی جے پی سے حمایت واپس لے لی ہے۔ ہریانہ میں انہوں نے کانگریس کو باہر سے حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ رہیں گے۔ ا س سلسلہ میں انہوں نے اپوزیشن لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ ایک اور آزاد ایم ایل اے کے حوالے سے حمایت واپس لینے کی بات چل رہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا اور کانگریس صدر ادے بھان بھی موجود رہے۔ ممبران اسمبلی نے نائب سنگھ سینی کی قیادت والی ہریانہ حکومت سے اپنی حمایت واپس لیتے ہوئے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ ایم ایل اے نے حمایت واپس لے کر نائب سنگھ سینی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔