ناگپور۔17دسمبر /سماج نیوز سروس ۔اتوار کی صبح ناگپور کے سولر کمپنی میں زبردست دھماکہ ہوا جس میں کم و بیش 9افراد کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے جبکہ متعدد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ صبح 9 بجے بازارگاؤں علاقے میں سولر انڈسٹریز کے کاسٹ بوسٹر یونٹ میں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہونے والے دھماکے میں 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس حادثے میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ صبح 9 بجے بازارگاؤں علاقے میں سولر انڈسٹریز کے کاسٹ بوسٹر یونٹ میں ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔خدشہ ہے کہ کمپنی میں اب بھی کئی لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مرکزی دروازے کے قریب پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اس وقت ایم ایل اے انیل دیشمکھ موقع پر موجود ہیں۔ ایم ایل اے انیل دیشمکھ نے کہا کہ ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔واضح ہو کہ ناگپور کی یہ کمپنی دفاعی فورسز کے لیے گولہ بارود کے ساتھ ساتھ ڈرون بھی تیار کرتی ہے۔سولر انڈسٹریز کے چیئرمین ستیہ نارائن نووال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ صبح اس وقت پیش آیا جب کارکن دفاعی مصنوعات کی پیکنگ کر رہے تھے۔ نوال نے کہا، "مجھے ہلاکتوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہے، لیکن مجھے بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے 5-6 افراد ہلاک ہوئے”۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں کمپنی کے اہلکاروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔یہ کمپنی ناگپور امراوتی روڈ پر بازار گاؤں میں واقع ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ آج صبح 9 بجے کے قریب ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب دھماکہ خیز مواد کی پیکنگ کا کام جاری تھا۔ دھماکہ کافی شدید تھا اور وہاں موجود کئی کارکن شدید زخمی ہو گئے۔ اس واقعے میں اب تک نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سولر ایکسپلوسیوز کے مرکزی دروازے کے سامنے کارکنوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد جمع ہے۔