بھوپال، 11 دسمبر (:) مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرتے ہوئے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج گورنر منگو بھائی پٹیل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ سونپ دیا۔بی جے پی کے نومنتخب اراکین اسمبلی کی پہلی میٹنگ میں ڈاکٹر موہن یادو کو متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کے بعد مسٹر چوہان راج بھون پہنچے اور اپنا استعفیٰ پیش سونپ دیا۔ ریاست میں سب سے طویل مدت تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہنے کا مسٹر چوہان کے نام ایک انوکھا ریکارڈ پہلے ہی بن چکا ہے ۔ مسٹر چوہان تقریباً 17 سال تک ریاست کے وزیر اعلیٰ رہے ۔ریاست میں سولہویں اسمبلی بن چکی ہے اور اس بار بی جے پی 163 سیٹیں حاصل کر کے ایک بار پھر حکومت بنانے جا رہی ہے ۔ اب نئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو ہوں گے ۔ مسٹر چوہان 29 نومبر 2005 کو پہلی بار ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے تھے ۔ اس کے بعد سے اب تک، وہ کانگریس کے 15 ماہ کے دور کے علاوہ اس عہدے پر فائز رہے ۔ریاست میں 2003 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 230 میں سے 173 سیٹیں جیت کر تین چوتھائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائی اور اس وقت کی دس سال پرانی دگ وجے سنگھ (کانگریس) حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دیا۔ 2003 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار میں لانے والی سینئر لیڈر اوما بھارتی نے 08 دسمبر 2003 کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا تھا، لیکن ہبلی ترنگا واقعے کی وجہ سے انہیں تقریباً ساڑھے آٹھ ماہ 23 اگست 2004 کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔ اسی دن سینئر لیڈر بابولال گوڑ نے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا، لیکن اس وقت کی سیاسی پیش رفت کی وجہ سے آخر کار انہیں 29 نومبر 2005 کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا اور پھر شیوراج سنگھ چوہان نے 29 نومبر 2005 کو نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔یہاں یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ جیسے ہی مسٹر چوہان نے عہدہ سنبھالا، سیاسی حلقوں میں ان کی رخصتی کے حوالے سے کافی چرچے ہوئے لیکن تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے 11 دسمبر 2008 تک اپنی پہلی مدت پوری کی۔ 2008 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے ایک بار پھر مسٹر چوہان کی قیادت میں کامیابی حاصل کی اور مسٹر چوہان نے 12 دسمبر 2008 کو مسلسل دوسری بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔2013 کے اسمبلی انتخابات میں مسٹر چوہان کی قیادت میں بی جے پی نے ایک بار پھر بے مثال کامیابی حاصل کی اور اقتدار کی ہیٹ ٹرک بنائی اور مسٹر چوہان نے 14 دسمبر 2013 کو تیسری بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ نومبر-دسمبر 2018 کے اسمبلی انتخابات میں مبینہ طور پر حکومت مخالف رجحان کے درمیان دلچسپ نتائج برآمد ہوئے اور کوئی بھی پارٹی اکثریت کے جادوئی اعداد و شمار 116 کو نہیں چھو سکی۔ کانگریس 114 سیٹیں حاصل کرکے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری اور آزاد اور دیگر غیر بی جے پی ایم ایل ایز کی حمایت سے نئی حکومت بنائی۔ جبکہ کانگریس سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے باوجود بی جے پی کو صرف 109 سیٹوں پر ہی مطمئن ہونا پڑا۔دریں اثنا، 15 ماہ بعد مارچ 2020 میں، غیر معمولی کورونا بحران کے درمیان، سیاسی پیش رفت کی وجہ سے کانگریس کی حکومت گر گئی اور بی جے پی ایک بار پھر مسٹر چوہان کی قیادت میں اقتدار میں آئی۔ پھر مسٹر چوہان نے 23 مارچ 2020 کو ایک بار پھر اپنی چوتھی میعاد کے لیے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا اور تب سے وہ اس عہدے پر فائز رہے ۔












