ممتاز عالم رضوی
نئی دہلی 06دسمبر، سماج نیوز سروس: انڈیا اتحاد کی میٹنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بھی ہو گیا جس کے مطابق 17؍دسمبر کو اب اگلی میٹنگ ہوگی لیکن اس دوران سماجوادی پارٹی نے کانگریس پر سخت حملہ کیا ہے۔ سماجودی پارٹی کے جنرل سکریٹری راجیو رائے نے ایک پرائیویٹ نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں سماجوادی پارٹی کی نمائندگی ضرور

ہوتی ۔ اگر قومی صدر( اکھلیش یادو) نہیں جاتے تو پروفیسر رام گوپال ضرور شرکت کرتے ۔ انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کانگریس کی قیادت نے سبھی پارٹیوں کے اعلی لیڈران سے بات کرکے میٹنگ نہ طے کی ہوگی، ہر آدمی کا کہیں نہ کہیں پروگرام لگا ہوا ہوتا ہے ۔ اچھاہوتا پارٹیوں کے لیڈران سے بات کرکے کوئی مناسب دن تاریخ طے کرتے ۔ انھوں نے کہا کہ قومی صدر اکھلیش یادو انڈیا اتحاد کے خلاف نہیں ہیں ۔ ہم تو انڈیا اتحاد کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں لیکن کچھ کانگریس میں بی جے پی کے سلیپر سیل موجود ہیں جو ماحول خراب کر رہے ہیں ۔ ان کی بیان بازی تو آپ نے سنی ہوگی ۔ اب بھی یہ بیان بازی کر رہے ہیں ۔کانگریس پہلے اپنے گھر کو درست کرے۔ اپنے لیڈران کو کنٹرول کریں تو غلط بیانی کرتے جا رہے ہیں۔مدھیہ پردیش میں دیکھا کہ کس طرح کی بیان بازی کی جا رہی تھی اور اس سے پہلے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بھی ماحول خراب کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ مسلسل سماجوادی پارٹی پر حملے کیے جا رہے ہیں ۔پورا ماحول خراب کرنے کے لیے کانگریس کے لیڈر ذمہ دار ہیں۔ اس بیان پر اب کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے سیاسی مشیر آچاریہ پرمود کرشنم نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے ۔ انھوں نے ہمارا سماج سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے لیڈر کیا بیان دے رہے ہیں ، ان کی تو پوری پارٹی ہی بی جے پی کی جاگرت ٹیم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی آخر مدھیہ پردیش کے الیکشن میں کس کو ہرانے کے لیے گئی تھی ؟ بی جے پی کو یا کانگریس کو ۔ انھوں نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کانگریس کی قیادت میں ہی بی جے پی اور نریندر مودی کو عام انتخابات 2024؍میں ہرایا جا سکتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جو پارٹی سی بی آئی اور ای ڈی سے ڈرتی ہے وہ بی جے پی اور مودی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو کانگریس کا امیدوار مانتے ہوئے ریجنل پارٹیوں کو انڈیا اتحاد مضبوط کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اکھلیش یادو جب یہ کہتے ہیں کہ کانگریس جھوٹی پارٹی ہے ، راہل گاندھی جھوٹے ہیں تو پھر وہ ساتھ کیوں ہیں؟ آچاریہ پرمود کرشنم نے کہا کہ کچھ بھی برداشت ہے لیکن کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی کی توہین برداشت نہیں ہے ۔