دنیا بھر میں جاری حج کی تیاریوں کے درمیان سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے اپنے قوانین میں تبدیلی کر دی ہے۔ اس کے تحت اب مکہ میں داخل ہونے کا اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔سعودی عرب کی حکومت نے عازمین حج سے متعلق قوانین کو مزید بہتر بناتے ہوئے ایک نیا قانون متعارف کرایا ہے۔ اس کے تحت اب حج پر جانے والے عازمین کو مکہ میں داخل ہونے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا ۔ سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک سیکیورٹی نے کہا کہ حج سے قبل مکہ میں داخلے کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔ بغیر اجازت مکہ جانے والوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔حج پر جانے والے ہندوستانی عازمین کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ سعودی عرب میں حج کے انتظامات سے متعلق تیاریوں سے آنے والی خبروں کے مطابق سعودی عرب اس بار بڑے پیمانے پر انتظامات کر رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بار ریکارڈ تعداد میں عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے جن میں سے ہندوستانی حجاج کی تعداد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ سعودی عرب اس سال 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کے استقبال کی تیاریاں کر رہا ہے۔ حکومت کے ساتھ نجی شعبے کی ایجنسیاں بھی حج کی سہولیات کو بڑھانے میں لگی ہوئی ہیں۔ سعودی حکومت نے کہا ہے کہ اس سال نسخ کارڈ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے عازمین حج کی سہولت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال نسخ کارڈ ٹیگ کا اجرا کیا ہے۔ حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ یہ ٹیگ حج کے دوران مقدس مقامات پر حاجیوں کے داخلے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ نسخ کارڈ تمام حاجیوں کو دیا جائے گا۔ اس کا ڈیجیٹل ورژن بھی ہوگا۔ تمام عازمین کی معلومات نسخ کارڈ میں درج کی جائیں گی۔ یہ کارڈ حج کے دوران اپنے پاس رکھنا ہوگا۔ کارڈ کے ذریعے حکام عازمین حج کی آسانی سے شناخت کر سکیں گے اور کسی بھی جعلی حاجی کے داخلے پر پابندی لگائی جا سکے گی۔