ایران: ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے جمعرات کو ایران کے تین جزیروں تنب بزرگ ، تنب کوچک اور ابوموسی کے بارے میں یورپ کے مداخلت پسندانہ اور بے بنیاد دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ یہ تینوں جزیرے ہمیشہ سے ایران کے تھے اور ہمیشہ ایران کے ہی رہیں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی یورپی یونین اور خلیج فارس تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس کے اختتامی بیان میں ان تینوں ایرانی جزیروں کے بارے میں بے بنیاد دعوے دہرائے جانے کی سخت مذمت کی اور اسے یورپی یونین کے رکن ممالک کی جانب سے حکومتوں کی ارضی سالمیت اور قومی اقتداراعلی کے احترام کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے منشور کی پابندی نہ کئے جانے کا واضح ثبوت قرار دیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے بعص ممالک ،عالم اسلام ، مغربی ایشیا اور دنیا کی تازہ ترین صورت حال یعنی فلسطینی عوام کی نسل کشی اور لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ایک پڑوسی ملک کے خلاف غلط اور بےبنیاد دعوے کر رہے ہيں۔