اسرائیل:کھلی جنگ شروع ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد بھی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ حالیہ پیش رفت میں اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے علاقے البقاع، الحوش اور البرج الشمالی کے قصبوں میں صورشہر کے اطراف میں حملے کیے۔ قبل ازیں العربیہ اور الحدث کے نامہ نگاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے عیتا الشعب پر اسرائیلی حملے کا بتایا۔ اسرائیلی فوج نے مختلف علاقوں سے لبنانیوں کو نکل جانے کے نئی وارننگ بھی دی ہے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے بنت جبیل میں حزب اللہ بٹالین کمانڈر حسین محمد عواضہ کو قتل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ عواضہ بنت جبیل سے اسرائیل کی طرف گولہ باری کے ذمہ دار تھے۔ اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ اس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں حزب اللہ کے 45 سے زائد ارکان کو جاں بحق کردیا۔ حزب اللہ کے 150 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ جنوبی لبنان میں کی گئی کارروائیوں میں حزب اللہ کے جنگی ہتھیاروں کا بہت سا ذخیرہ ملا ہے۔
دوسری جانب لبنانی حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ آج جمعرات کو لبنان کی پہاڑیوں میں اسرائیل کے دو مرکاوا ٹینکوں کو دو گائیڈڈ میزائلوں سے تباہ کردیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں اسرائیلی عملے کے افراد ہلاک و زخمی بھی ہوئے۔ قبل ازیں العربیہ کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ لبنان کے آسمانوں میں اسرائیلی جاسوس طیاروں کی پرواز کے دوران بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں سناٹا چھایا رہا۔ جنوبی لبنان کے قصبے عنقون کے مضافات میں حملہ کیا گیا۔العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے لبنان کی جانب سے حیفا، خلیج حیفا اور اس کے اطراف میزائل فائر ہونے کی اطلاع بھی دی ہے۔ اس حملے میں رمات ڈیوڈ ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا۔ حیفا اور الجلیل میں 30 میزائل داغے گئے ہیں۔ اسرائیلی چینل 12 نے بتایا کہ لبنان سے 5 میزائل شمالی اسرائیل میں الجلیل کی طرف داغے گئے۔ جمعرات کی صبح حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے جنوبی لبنان میں سرحد کے قریب ایک اسرائیلی ٹینک کو گائیڈڈ میزائل” کا استعمال کرتے ہوئے تباہ کر دیا ہے۔