نئی دہلی،پریس ریلیز،ہماراسماج: شعبۂ عربی کے طلبہ کی انجمن النادی العربی کے زیر اہتمام جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایف ٹی کے ہال میں پروفیسر نسیم اختر صدر شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی صدارت میں شعبہ کے طالب علم حبیب ریاض کی کتاب ’’ گوگڈن انگلش دوسرا حصہ‘‘ کی تقریب رسم اجراء منعقد ہوئی ، مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر محمد ایوب ندوی سابق ڈائریکٹر انڈیا عرب کلچرل سینٹر اور سابق صدر شعبۂ عربی، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شرکت کی۔ جب کہ اس پروگرام میں مولانا ابو الکلام آزاد اسلامک اویکنگ سینٹر، نئی دہلی کے صدر مولانا محمد رحمانی مدنی ، ڈاکٹر ارقم رئیس پرنسپل جامعہ اسلامیہ سنابل نئی دہلی اور اسی ادارہ کے انگلش کے سینئر استاذ ماسٹر ثروت نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد شعبہ کے بی اے سال آخر کے طالب علم محمود عالم نے کتاب کا تعارف پیش کیا۔ پروفیسر محمد ایوب ندوی نے اپنے خطاب میں حبیب ریاض کو مبارک باد دیتے ہوئے اردو زبان کے طلبہ کو انگلش سیکھنے کے لئے اس کتاب کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس سے استفادہ کا مشورہ دیا، مولانا محمد رحمانی نے حبیب ریاض کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے مدرسہ کے فارغ التحصیل طالب علم کی کتاب کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے آپ نے طلبہ وطالبات سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ یو نیورسٹی میں محنت سے تعلیم حاصل کریں۔