اتر پردیش

مشاعرہ اور کوی سمیلن میں بیٹھنے کے لیے نشست کے تعلق سے تنازع

سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے ریاستی سکریٹری اکمل نعیم خان منا ناراض ہوکر پروگرام چھوڑ کر چلے گئے

بلیا،  (یو این آئی) اتر پردیش کے بلیا ضلع میں سابق وزیر اعلیٰ اور وزیر دفاع آنجہانی ملائم سنگھ یادو کی یاد میں جمعہ کی شام منعقدہ مشاعرے اور کوی سمیلن میں بیٹھنے کے لیے نشست کے تعلق سے تنازع ہوگیا۔ سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے ریاستی سکریٹری اکمل نعیم خان منا ناراض ہوکر پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے سابق وزیر امبیکا چودھری کے پروگرام میں سرعام بے عزت کیے جانے کا الزام لگایا۔
اکمل نعیم خان نے الزام لگایا کہ وہ امبیکا چودھری کی دعوت پر پروگرام میں پہنچے تھے۔ پروگرام میں آنے والے شاعر عزیز رومانی کا استقبال کرنے کے لیے انہیں رات تقریباً ساڑھے 9 بجے فون کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ راجدھانی ایکسپریس سے آنے والے شاعر کو رات تقریباً ڈیڑھ بجے لینے پہنچے اور انہیں لے کر واپس آئے۔ پوری رات جاگنے کے بعد وہ پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع نہیں تھی کہ کس کی نشست مخصوص ہے اور کس کی نہیں۔ ریاستی سکریٹری ہونے کے ناطے وہ آگے جاکر بیٹھ گئے، لیکن بعد میں انہیں وہاں سے اٹھنے کے لیے کہا گیا۔ ان کے مطابق، سب کے سامنے جس طرح انہیں نشست سے اٹھنے کے لیے کہا گیا، اس سے انہیں کافی بے عزتی محسوس ہوئی۔ اگر نشست مخصوص تھی تو اس کی اطلاع پہلے دی جانی چاہیے تھی۔
سماجوادی پارٹی کے رہنما نے الزام لگایا کہ مسلمان ہونے کی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا گیا اور سرعام بے عزت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلیا اسمبلی کی سیاست میں مسلم سماج کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ اکھلیش یادو کے کارکن ہیں اور سماجوادی پارٹی چھوڑنے والے نہیں ہیں۔ پارٹی میں رہ کر ہی اس کی خدمت کرتے رہیں گے اور سماجوادی پارٹی کا پرچم اٹھاتے رہیں گے۔
اکمل نعیم خان نے بتایا کہ سماجوادی پارٹی کے رہنما دھرمیندر یادو کے پروگرام میں آنے کی اطلاع ملنے پر وہ گلدستہ لے کر پہنچے تھے، لیکن پیش آنے والے واقعے سے دلبرداشتہ ہوکر پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ”جہاں عزت نہیں، وہاں رہنا ضروری نہیں۔ بے عزت ہوکر نہیں رہنا ہے۔