اتر پردیش

بارہ بنکی میں سڑک حادثے میں ایمبولینس پرسوار پانچ افراد ہلاک

بارہ بنکی، (یواین آئی) اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع کے سُبیہا تھانہ علاقے میں ہفتہ کی صبح پوروانچل ایکسپریس وے پر ایک بھیانک سڑک حادثے میں ایمبولینس میں سوار پانچ افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق ایمبولینس میں سوار تمام افراد جے پور سے ایک لاش لے کر مغربی بنگال جا رہے تھے۔ اسی دوران علاقے کے گیرانوا گاؤں کے قریب ایکسپریس وے کے 53ویں کلومیٹر پر ایمبولینس ایک تیز رفتار پک اَپ گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ ایمبولینس میں سوار پانچوں افراد کی جان چلی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور یوپیڈا کی امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کردیا گیا۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ فی الحال حادثے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔
اس حادثے میں مغربی بنگال کے کوچ بہار کے رہنے والے امین الحق (40)، ولد عبدالحسین، ربیع (50)، ولد عبدالرحمن، راجستھان کے الور کے رہنے والے ہری اوم (33)، ولد جے سنگھ، جے پور کے رہنے والے مقبول خان (62)، ولد شعبان اور ایمبولینس ڈرائیور عالم کی موت ہوگئی۔