مذہب اور ثقافت کے شہر کاشی میں نمو گھاٹ پر چار روزہ گنگا مہوتسو کا شاندار آغاز
وارانسی، (یواین آئی) مذہب اور ثقافت کے شہر کاشی میں جمعہ کی شام نمو گھاٹ پر چار روزہ گنگا مہوتسو کا شاندار آغاز ہوا۔ مہوتسو کے پہلے دن منعقدہ ‘کاشی بھجن کلبنگ’ پروگرام میں عقیدت اور جدید موسیقی کے منفرد امتزاج نے ناظرین کو مسحور کردیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھاکہ ”بابا وشوناتھ کی نگری کاشی میں بھجن کلبنگ کے پروگرام نے ہر کسی کو مسحور کردیا۔ نمو گھاٹ پر منعقدہ اس پروگرام میں میرے نوجوان ساتھیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ان کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق تھا۔”
مہوتسو کی افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیر ہنس راج وشوکرما، ضلع پنچایت کی صدر پونم موریہ، میئر اشوک تیواری، ایم ایل سی دھرمیندر سنگھ، رکن اسمبلی تریبھون رام، کاشی خطے کے بی جے پی صدر اشوک چورسیا، ڈویژنل کمشنر کے وجیندر پانڈین اور چیف ڈیولپمنٹ آفیسر پرکھر کمار سنگھ سمیت کئی عوامی نمائندے اور افسران موجود تھے۔
چار روز تک جاری رہنے والے اس مہوتسو میں ملک بھر سے آئے فنکار موسیقی اور ثقافتی پیش کشوں کے ذریعے کاشی کی شاندار روایات کو زندہ کریں گے۔ پہلے دن بھجن گلوکار راگھو اور پراچی نے ‘کاشی بھجن کلبنگ: سُروں اور بیٹس کے نام ایک شام’ پروگرام میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بیک اسٹیج سبلنگز کے ساتھ فنکاروں نے روایتی بھجنوں کو جدید کنسرٹ، الیکٹرانک بیٹس اور دلکش روشنیوں کے امتزاج کے ساتھ پیش کیا۔
پروگرام کے دوران ‘ہر ہر مہادیو’ اور ‘جے شری رام’ کے نعروں سے نمو گھاٹ گونج اٹھا۔ بھجنوں اور موسیقی کی دھنوں پر ناظرین بھی جھومتے نظر آئے۔ بڑی تعداد میں موجود لوگوں نے فنکاروں کے ساتھ گنگناتے ہوئے پروگرام سے لطف اٹھایا۔ گنگا کی لہروں کے درمیان عقیدت اور جدید موسیقی کا یہ امتزاج مہوتسو کے پہلے دن کی خاص کشش رہا۔اس موقع پر بی جے پی کے قومی سکریٹری اور اترپردیش کے شریک انچارج جگدیش پٹیل، میٹروپولیٹن صدر پردیپ اگروہری، امیت رائے اور مدھوکر چترانش سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
