قومی خبریں

ہندوستان اور جاپان کے درمیان بحری سلامتی اور بحری جہازوں کی تعمیر میں تعاون بڑھانے پر بات چیت

نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے بدھ کے روز فلپائن کے سیبو میں آسیان وزرائے دفاع کی 13ویں میٹنگ (اے ڈی ایم ایم پلس) کے موقع پر ملاقات کی۔وزارت دفاع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران بحری سلامتی، بحری جہازوں کے ڈیزائن اور تعمیر میں ممکنہ مشترکہ ترقیاتی منصوبوں اور فضائی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس سال کے آخر میں ٹوکیو میں وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی چوتھی ٹو پلس ٹو میٹنگ اور وزرائے دفاع کی میٹنگ منعقد کرنے کے سلسلے میں بات چیت تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔دونوں وزرائے دفاع نے اگست میں ہونے والی گزشتہ ملاقات کے بعد دو طرفہ دفاعی تعاون میں پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ بحری سلامتی کے شعبے میں دونوں ممالک کی اسٹریٹجک اورآپریشنل ضروریات کے مطابق تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس میں سمندری بارودی سرنگوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ اور جاپان کی تکنیکی مہارت اور ہندوستان کی پیداواری صلاحیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بحری جہازوں کے ڈیزائن اور تعمیر میں مشترکہ ترقی کے امکانات تلاش کرنا شامل ہے۔ اس سلسلے میں ہندوستانی بحریہ کے نائب سربراہ کے دورۂ جاپان کو بھی اہم قرار دیا گیا۔دونوں ممالک نے فضائی افواج کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کی سمت میں ہونے والی پیش رفت کا بھی خیرمقدم کیا۔ ہندوستان اور جاپان کی فضائی افواج کی مشترکہ مشق ‘ویر گارجین 26’ کے دوران پہلی مرتبہ جاپانی فضائیہ کے لڑاکا طیارے ہندوستان پہنچے تھے۔ اس مشق کے ساتھ جاپانی فضائیہ کے سربراہ نے بھی ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔دفاعی صنعت کے شعبے میں دونوں فریقوں نے ٹوکیو میں واقع ہندوستانی سفارت خانے میں ہندوستان-جاپان دفاعی صنعتی فورم کے کامیاب انعقاد کا ذکر کیا۔ اس فورم میں دونوں ممالک کی تقریباً 40 کمپنیوں نے حصہ لیا۔دونوں وزرائے دفاع نے اس سال کے آخر میں ٹوکیو میں ہندوستان اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی چوتھی ٹو پلس ٹو میٹنگ اور وزرائے دفاع کی میٹنگ منعقد کرنے کے لیے بات چیت تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں مسٹر سنگھ نے کہا کہ بات چیت کے دوران ہندوستان اور جاپان کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے نئے راستوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد، کھلے اور پُرامن بحرہند و بحرالکاہل کے خطے کے لیے ہندوستان اور جاپان کا مشترکہ عزم بدستور اہمیت کا حامل ہے۔