کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی
سرینگر (یو این آئی) کشمیر اور لداخ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی، جبکہ بدھ کے روز میدانی علاقوں کے بعض حصوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے مرکز سرینگر نے آئندہ 2 دنوں میں جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بانڈی پورہ، سونہ مرگ، گلمرگ کے کانگ ڈوری، گمری، مینا مرگ اور دراس میں ہلکی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مرکز نے 12 اور 13 نومبر کو کئی مقامات پر میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برف باری ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے 12 اور 13 نومبر کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سیلسیس تک نمایاں کمی آنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
موسم کی پیش گوئی اور دور دراز علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور آمد و رفت کے رابطے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر بانڈی پورہ ضلع انتظامیہ نے سیاحوں، مسافروں، امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور عام لوگوں کے لیے موسمی ہدایات جاری کی ہیں۔ضلع انتظامیہ نے گریز کو عارضی طور پر سیاحوں کے لیے ممنوعہ علاقہ قرار دے دیا ہے اور وہاں پہلے سے موجود لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ضلع کنٹرول روم سے رابطہ کرکے فوری طور پر وہاں سے واپسی کا منصوبہ بنائیں۔
