کھیل کھلاڑی

آئی پی ایل میں بڑا تبادلہ ہاردک پنجاب کنگز اور ارشدیپ ممبئی انڈینز میں شامل

بنگلورو، 11 نومبر (یواین آئی): انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 سے قبل کھلاڑیوں کے بڑے تبادلے کے تحت ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا پنجاب کنگز میں شامل ہوں گے، جبکہ ہندوستانی تیز گیندباز ارشدیپ سنگھ پانچ بار کی چیمپئن ممبئی انڈینز کی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
اس تبادلے کے ساتھ ہاردک پانڈیا کا ممبئی انڈینز کے ساتھ دوسرا دور ختم ہوجائے گا، جہاں انہوں نے چار آئی پی ایل خطاب جیتے۔ دوسری جانب ارشدیپ آٹھ سیزن تک پنجاب کنگز کے ساتھ رہنے کے بعد نئی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

پانڈیا نے 2015 میں ممبئی انڈینز کے ساتھ اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں ٹیم کی خطاب جیتنے والی مہم کا حصہ رہے۔ سات سیزن ممبئی کے ساتھ گزارنے کے بعد وہ 2022 میں گجرات ٹائٹنز سے وابستہ ہوئے اور پہلے ہی سیزن میں ٹیم کو چیمپئن بنادیا۔ گجرات نے 2023 میں بھی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

2024 میں ممبئی انڈینز میں واپسی کے بعد پانڈیا کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی۔ انہوں نے اب تک 162 آئی پی ایل میچوں میں 146.28 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2955 رن بنائے ہیں اور 82 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ پنجاب کنگز میں 18 کروڑ روپے کی رقم پر شامل ہوں گے، جو ان کی موجودہ 16.35 کروڑ روپے کی فیس سے زیادہ ہے۔

دوسری جانب ارشدیپ سنگھ آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز ہیں۔ انہوں نے 96 میچوں میں 111 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2019 میں پنجاب کی جانب سے آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز نے نئی گیند اور آخری اوورز میں اپنی مؤثر گیندبازی سے نمایاں مقام بنایا ہے۔ انہوں نے 2025 کے سیزن میں 21 اور 2026 میں 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ارشدیپ ممبئی انڈینز میں اپنی موجودہ 18 کروڑ روپے کی فیس پر شامل ہوں گے۔اس تبادلے سے پنجاب کنگز کو ایک تجربہ کار آل راؤنڈر اور سابق آئی پی ایل فاتح کپتان ملے گا، جبکہ ممبئی انڈینز کو بائیں ہاتھ کا ایک مؤثر تیز گیندباز حاصل ہوگا، جس سے 2027 کے سیزن سے قبل اس کی گیندبازی مضبوط ہونے کی توقع ہے۔