کھیل کھلاڑی

انگلینڈ اے کے خلاف سیریز کے لیے شریئانکا پاٹل انڈیا اے ٹیم میں شامل

ممبئی (یو این آئی) آل راؤنڈر شریئانکا پاٹل کو انگلینڈ اے کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے انڈیا اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ سیریز 30 نومبر سے پونے اور ممبئی میں کھیلی جائے گی، جس میں ٹی 20، ون ڈے اور ریڈ بال فارمیٹ کے مقابلے ہوں گے۔ شریئانکا نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ ایشیائی کھیلوں میں کھیلا تھا، جہاں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد انہیں زمبابوے کے خلاف گھریلو سیریز اور جنوبی افریقہ کے آئندہ دورے کے لیے ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔ اب انہیں تینوں فارمیٹ کی ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ مینو مانی، شپرا گری، تنیشا سنگھ اور صائمہ ٹھاکر کو بھی تینوں فارمیٹ کی ٹیموں میں جگہ دی گئی ہے۔

تیز گیندبازی کرنے والی آل راؤنڈر کاشوی گوتم کو بھی وائٹ بال فارمیٹ، یعنی ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ کاشوی نے اپنا آخری میچ اپریل میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کھیلا تھا۔ اس کے بعد گھٹنے کی چوٹ کے باعث انہیں کھیل سے دور رہنا پڑا اور ان کی سرجری بھی ہوئی۔ اب انہوں نے چنڈی گڑھ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینئر ویمنز ٹی 20 ٹرافی میں واپسی کی ہے۔

تین ٹی 20 اور ون ڈے میچوں میں انڈیا اے کی کپتانی بلے باز انوشکا شرما کریں گی، جبکہ مینو مانی نائب کپتان ہوں گی۔ اس کے بعد ریڈ بال (ملٹی ڈے) میچ میں مینو مانی ٹیم کی قیادت کریں گی اور تیجل حسنین نائب کپتان کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔انگلینڈ اے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے انڈیا اے ٹیم: انوشکا شرما (کپتان)، مینو مانی (نائب کپتان)، ورندا دنیش، تنیشا سنگھ، سانیکا چالکے، نکی پرساد، جی کمالنی، شپرا گری، امنجوت کور، شریئانکا پاٹل، ویشنوِی شرما، پریما راوت، صائمہ ٹھاکر، مونیکا پٹیل اور کاشوی گوتم۔

انگلینڈ اے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے انڈیا اے ٹیم: انوشکا شرما (کپتان)، مینو مانی (نائب کپتان)، ورندا دنیش، تنیشا سنگھ، پریا پونیا، نکی پرساد، جی کمالنی، شپرا گری، تیجل حسنین، شریئانکا پاٹل، امیشا بہوکھنڈی، شبنم شکیل، صائمہ ٹھاکر، اکشیتا بھگت اور کاشوی گوتم۔انگلینڈ اے کے خلاف ملٹی ڈے میچ کے لیے انڈیا اے ٹیم: مینو مانی (کپتان)، تیجل حسنین(نائب کپتان)، شبھا ستیش، پریا پونیا، تنیشا سنگھ، پورواجا ویرلےکر، ہینریٹا پریرا، شپرا گری، اوما چھیتری، شریئانکا پاٹل، صائمہ ٹھاکر، اکشیتا بھگت، امیشا بہوکھنڈی، ہیپی کماری اور شبنم شکیل۔

سیریز کا آغاز 30 نومبر کو پونے میں ٹی 20 مرحلے سے ہوگا۔ پہلا مقابلہ دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ 3 اور 5 دسمبر کو شام 6 بجے شروع ہوگا۔ ممبئی کا وانکھیڑے اسٹیڈیم 8، 11 اور 14 دسمبر کو تین ون ڈے میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ان میں پہلا میچ صبح 9 بجے شروع ہوگا۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 19 دسمبر سے ملٹی ڈے میچ بھی کھیلا جائے گا۔