نوئیڈا میں قتل کے ملزم اور پولیس کے درمیان تصادم
ملزم کی جانب سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی میں پولیس کی گولی ملزم کی ٹانگ میں لگی
نوئیڈا، (یو این آئی) اتر پردیش کے نوئیڈا کے فیز ون تھانہ علاقے میں اسکوٹی ٹکرانے کے تنازع پر ایک نوجوان کے قتل کے معاملے میں پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ بدھ کی دیر رات سیکٹر 3 کے ایک پارک میں پولیس اور قتل کے معاملے میں مطلوب ملزم آفتاب عرف تسّی کے درمیان تصادم ہوگیا۔ خود کو گھرا ہوا دیکھ کر ملزم نے پولیس ٹیم پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں پولیس کی گولی ملزم کی ٹانگ میں لگی، جس سے وہ زخمی ہوکر گر پڑا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرکے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ اس کے قبضے سے 315 بور کا غیر قانونی دیسی پستول، ایک زندہ کارتوس اور ایک خالی کارتوس برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے واردات میں استعمال کی گئی ہیرو اسپلینڈر موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔
نوئیڈا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ابھے کمار مشرا نے آج اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 8 اور 9 نومبر کی درمیانی شب فیز ون تھانہ علاقے کے نیا بانس گاؤں کے قریب واقع ایک پارک میں امیت (25 سال)، شیوم، یشپال، آکاش اور ونود سمیت کچھ نوجوان موجود تھے۔ تمام نوجوان وہاں سے اسکوٹی پر جانے لگے، اسی دوران ان کی اسکوٹی ایک نوجوان کے پیر سے ٹکرا گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ نوجوان اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ پارک میں اپنے دوست کی سالگرہ منا رہا تھا۔ اسی بات کو لے کر دونوں فریقوں کے درمیان بحث شروع ہوگئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ میں تبدیل ہوگئی۔
اس جھگڑے کے دوران امیت کے سر میں شدید چوٹ آئی، جبکہ شیوم بھی سر میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگیا۔ دوست دونوں کو علاج کے لیے اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے امیت کو مردہ قرار دے دیا۔ شیوم کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اس معاملے میں فیز ون تھانے کی پولیس نے مقدمہ نمبر 579/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 103(1) اور 109 کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی۔
