تعلیم کے ذریعے ترقی پسند قوم کی تعمیر کا مولانا آزاد کا نظریہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: سمراٹ چودھری
پٹنہ (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش پر انہیں عقیدت کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں عظیم مجاہد آزادی، ممتاز عالم اور آزاد ہندوستان کا پہلا وزیر تعلیم قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ایک مضبوط اور ترقی پسند قوم کی تعمیر کا مولانا آزاد کا نظریہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا آزاد کی زندگی ملک کی خدمت، علم اور تعلیم کے تئیں لگن کی ایک قابل تقلید مثال ہے۔ ملک کی تعمیر میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے قومی یوم تعلیم کے موقع پر ریاست کے عوام کو دلی مبارک باد بھی پیش کی۔
قابل ذکر ہے کہ مولانا ابوالکلام آزاد کی پیدائش 11 نومبر 1888 کو مکہ میں ہوئی تھی۔ وہ ہندوستان کی تحریک آزادی کے سرکردہ رہنماؤں میں شامل تھے۔ مہاتما گاندھی کے خیالات سے متاثر ہو کر انہوں نے تحریک آزادی میں سرگرم کردار ادا کیا اور ہندو مسلم اتحاد کے زبردست حامی رہے۔ وہ 1923 میں انڈین نیشنل کانگریس کے سب سے کم عمر صدر بنے اور 1940 سے 1946 تک دوبارہ کانگریس کے صدر کی ذمہ داری سنبھالی۔ آزادی کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیر تعلیم بنے۔ ان کے دور میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ تعلیم کے شعبے میں ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ان کی یوم پیدائش 11 نومبر کو ہر سال قومی یوم تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سال 1992 میں انہیں بعد از مرگ بھارت رتن سے نوازا گیا۔
