دہلی شہر

وجیندر گپتا نے روہنی کے پانچ چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا

نئی دہلی (یو این آئی) دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے بدھ کے روز چھٹھ پوجا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے روہنی کے پانچ چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا۔اس دوران مسٹر گپتا نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عقیدت مندوں کی آمد سے پہلے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے جائیں، تاکہ انہیں پوجا کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چار روزہ چھٹھ مہاپرو کی تقریبات 13 سے 16 نومبر تک منعقد ہوں گی۔

انہوں نے سیکٹر 7 میں واقع رام لیلا میدان، راجا وہار، سورج پارک، سیکٹر 18 میٹرو اسٹیشن کے قریب اور سیکٹر 15 کے بی بلاک میں واقع چھٹھ گھاٹوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ان تمام مقامات پر صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظام، پینے کے پانی، آمدورفت اور عقیدت مندوں کی حفاظت سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو واضح ہدایت دی کہ تمام سہولیات مقررہ وقت سے پہلے مکمل طور پر تیار اور فعال ہونی چاہئیں۔

اسمبلی اسپیکر نے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ شہری اداروں اور محکموں کے درمیان بہتر تال میل یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چھٹھ پوجا گہری آستھا اور عقیدت کا تہوار ہے اور ہزاروں خاندانوں کے لیے اس کی خصوصی مذہبی اور ثقافتی اہمیت ہے۔ ایسے میں عقیدت مندوں کو محفوظ، صاف ستھرا اور باوقار ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تہوار شروع ہونے سے پہلے عوامی سہولیات میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں رہنی چاہیے۔انہوں نے خصوصی طور پر خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کی سہولیات کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں سے پوری ذمہ داری اور مستعدی کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر عقیدت مند کی حفاظت، سہولت اور عزت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔