ریاستی خبریں

تمل ناڈو میں ڈی ایم کے وزیر سے وابستہ اسکول گھوٹالے کے اہم فرار ملزم کی خودسپردگی

چنئی،  (یواین آئی) تمل ناڈو کے سابق اسکولی تعلیم کے وزیر اور دراوڑ منیتر کزگم (ڈی ایم کے) کے سینئر رہنما انبِل مہیش پویا موزی سے وابستہ 100 سے 400 کروڑ روپے کے نجی اسکول دھوکہ دہی کے معاملے میں مرکزی فرار ملزم سرونن نے بدھ کے روز چنئی کی ایک خصوصی انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ عدالت کے سامنے خودسپردگی کر دی۔
ملزم کی یہ خودسپردگی خصوصی عدالت کی جانب سے سابق وزیر کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست خارج کرنے کے ٹھیک ایک دن بعد ہوئی ہے۔ سرونن کو اس معاملے کا اہم ملزم مانا جا رہا ہے۔ معاملے کی سماعت کے دوران سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) پولیس نے عدالت کو بتایا کہ یہ وہی شخص ہے جو رشوت کی رقم مسٹر پویا موزی کی رہائش گاہ تک لے گیا تھا، اور پولیس کے پاس اس کے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں۔
سی سی بی نے مسٹر پویا موزی کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو مطلع کیا کہ سابق وزیر سے تحویل میں دوبارہ پوچھ گچھ کی ضرورت ہے، کیونکہ ان کی گزشتہ تین دنوں کی تحویل کے دوران پوچھ گچھ میں کئی نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ رقم کے لین دین اور اصل مستفیدین کی شناخت کے لیے سرونن سے پوچھ گچھ انتہائی ضروری ہے۔ اسی پس منظر میں سرونن اپنے وکلاء کے ساتھ عدالت میں حاضر ہوا اور سرینڈر کر دیا۔
اس کروڑوں روپے کے رشوت ستانی کے معاملے میں خودسپردگی کرنے والا وہ دوسرا ملزم ہے۔ اس سے پہلے، معاملے کے اہم مشتبہ اور تیسرے ملزم کے طور پر نامزد سابق ڈی ایم کے رکنِ اسمبلی متھو کمار نے کچھ دن پہلے عدالت میں خودسپردگی کی تھی۔
سی سی بی نے متھو کمار کی خودسپردگی کے وقت (ٹائمنگ) پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی خودسپردگی کے پیچھے کئی وجوہات ہیں اور سابق وزیر کے ساتھ اس کے تعلقات نیز مزید ثبوت اکٹھے کرنے کے لیے اس سے بھی پوچھ گچھ کی جانی چاہیے۔