قومی خبریں

امریک سنگھ اغوا معاملے میں پنجاب پولیس کے سابق ڈی ایس پی گرمیت سنگھ کو قصوروار قرار

نئی دہلی(یو این آئی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے بدھ کے روز 1992 کے امریک سنگھ اغوا معاملے میں پنجاب پولیس کے اس وقت کے ڈی ایس پی گرمیت سنگھ کو قصوروار قرار دیا ہے۔ اس معاملے میں سزا کا اعلان 12 نومبر کو کیا جائے گا۔یہ اطلاع سی بی آئی کی جانب سے یہاں جاری ایک سرکاری بیان میں دی گئی۔ اس معاملے کی سماعت پنجاب کے موہالی میں واقع خصوصی عدالت نے کی۔ یہ معاملہ 25 نومبر 1992 کو لدھیانہ کے ہوٹل امل تاش سے امریک سنگھ کے مبینہ اغوا سے متعلق ہے۔ اس واردات کو اس وقت کے ڈی ایس پی گرمیت سنگھ کی قیادت والی پولیس ٹیم نے انجام دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے 15 نومبر 1995 کو جاری کردہ احکامات کے بعد سی بی آئی نے اس معاملے کی ابتدائی جانچ شروع کی اور 23 فروری 2000 کو باقاعدہ مقدمہ درج کیا تھا۔ تفصیلی تفتیش کے بعد سی بی آئی نے 27 نومبر 2001 کو اس وقت کے ڈی ایس پی گرمیت سنگھ، ڈی ایس پی پرمندرجیت سنگھ، ایس ایچ او صوبہ سنگھ، ایس آئی سریندر سنگھ اور اے ایس آئی جسونت سنگھ سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی، جس پر 15 اپریل 2004 کو الزامات طے کیے گئے تھے۔

سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سابق ڈی ایس پی گرمیت سنگھ کو تعزیرات ہند کی دفعہ 365 (اغوا) اور 120-بی (مجرمانہ سازش) کے تحت قصوروار قرار دیا۔ وہیں، شریک ملزم ڈی ایس پی پرمندرجیت سنگھ کو عدالت نے بری کر دیا، جب کہ دیگر تین شریک ملزمان ایس ایچ او صوبہ سنگھ، ایس آئی سریندر سنگھ اور اے ایس آئی جسونت سنگھ کی موت ہو جانے کے سبب ان کے خلاف قانونی کارروائی ختم کر دی گئی تھی۔