کھیل کھلاڑی

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2029 کی میزبانی چنئی کو ملی

ٹوکیو (یو این آئی) ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2029 کا انعقاد چنئی میں ہوگا۔ ہندوستان چوتھی مرتبہ اس ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلے کی میزبانی کرے گا۔ ایشین ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے منگل کو جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقدہ اپنی 107ویں کونسل میٹنگ کے دوران چنئی کو میزبانی کے حقوق سونپ دیے۔اس سے قبل ہندوستان نئی دہلی (1989)، پونے (2013) اور بھونیشور (2017) میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس براعظمی چیمپئن شپ کا آغاز پہلی مرتبہ 1973 میں فلپائن کے شہر منیلا میں ہوا تھا۔دو سالہ ایتھلیٹکس مقابلے کے 28ویں ایڈیشن کا انعقاد چنئی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں متوقع ہے۔ یہ مقابلے اگست 2029 میں کرائے جانے کا امکان ہے۔

2025 میں جنوبی کوریا کے شہر گومی میں منعقدہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے گزشتہ ایڈیشن میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے آٹھ طلائی، 10 چاندی اور چھ کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 24 تمغے جیتے تھے اور تمغوں کی فہرست میں چین کے بعد دوسرے مقام پر رہے تھے۔چیمپئن شپ کا 27واں ایڈیشن 28 مئی سے 2 جون 2027 تک چین کے شہر شیامن میں منعقد ہوگا۔

2029 کی ایشین چیمپئن شپ ہندوستان میں ہونے والے بڑے بین الاقوامی ایتھلیٹکس مقابلوں کی بڑھتی ہوئی فہرست میں ایک اور اہم اضافہ ہوگی۔رواں سال کے آغاز میں نئی دہلی نے مارچ میں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس گراں پری 2026 کی میزبانی کی تھی، جہاں ہندوستان نے 208 تمغے جیت کر تمغوں کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔

بھونیشور نے اگست میں کلنگا اسٹیڈیم میں ہندوستان کے پہلے ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹینینٹل ٹور سلور میٹ کی بھی میزبانی کی تھی۔ چنڈی گڑھ میں ایشین ریلے چیمپئن شپ 2027 منعقد ہوگی، جبکہ بھونیشور 2028 میں ایشین انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور ورلڈ انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ورلڈ انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 3 سے 5 مارچ تک کلنگا اسٹیڈیم کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ہندوستان اس عالمی مقابلے کی میزبانی کرے گا۔