قومی خبریں

زیر زمین پانی کی سطح بڑھانے کے لیے موبائل ایپلی کیشن شروع

نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) جل شکتی کے وزیر سی آر پاٹل نے سائنسی طریقے سے زیر زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بڑھانے کی منصوبہ بندی اور اس کے لیے ممکنہ مقامات کی نشاندہی میں مدد فراہم کرنے کے مقصد سے ری چارج موبائل ایپلی کیشن شروع کی ہے۔وزارتِ جل شکتی کے مطابق، قومی آبی مشن کے تعاون سے بِساگ-این نے یہ ایپلی کیشن تیار کی ہے۔ اس کے ذریعے صارفین تین کلومیٹر تک کے دائرے میں زیر زمین پانی کی مصنوعی طور پر سطح بڑھانے کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کر سکتے ہیں اور مقامی حالات کے مطابق مناسب ری چارج ڈھانچوں کا پتہ لگا سکتے ہیں۔مسٹر پاٹل کے مطابق، اس ایپلی کیشن کے ذریعے بارش کے پانی کو زمین کے اندر پہنچا کر زیر زمین پانی کی سطح بڑھانے کے لیے ممکنہ مقامات کی شناخت کی جا سکے گی اور مقامی حالات کے مطابق پانی کو زمین میں جذب کرنے والے ڈھانچوں کی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔اس پلیٹ فارم پر بارش، زیر زمین پانی کی سطح، زیر زمین پانی کے استعمال، ڈھلان اور نکاسیٔ آب سمیت جغرافیائی و مکانی اعداد و شمار استعمال کیے گئے ہیں۔ اس کا ویب پورٹل گاؤں کی سطح پر مصنوعی ری چارج ڈھانچوں کے لیے مقامات کے تعین سے متعلق نقشے، جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) کے آلات اور موضوعاتی تہیں فراہم کرتا ہے، جس سے زیر زمین پانی کے پائیدار انتظام کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔محکمہ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا کی بحالی اس ایپلی کیشن کے ذریعے زیر زمین پانی کو سائنسی طریقے سے دوبارہ بڑھانے کی منصوبہ بندی کو آگے بڑھانے میں تعاون کرے گا۔