ریاستی خبریں

ہردیپ پوری مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے لیے بی جے پی کے امیدوار نامزد

نئی دہلی، 28 اکتوبر (یواین آئی) مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کی ایک نشست کے ضمنی انتخاب کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اس نشست کے لیے ضمنی انتخاب 12 نومبر کو ہونا ہے۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چُگ کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق، پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے مسٹر پوری کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر پوری کی راجیہ سبھا کی موجودہ مدت 25 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ وہ اس وقت اتر پردیش سے ایوان بالا کے رکن ہیں۔اس نشست کے لیے نامزدگی کا عمل 26 اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے اور 2 نومبر تک جاری رہے گا۔ 3 نومبر کو نامزدگی کے کاغذات کی جانچ ہوگی، جب کہ 5 نومبر تک امیدوار اپنے نام واپس لے سکیں گے۔یہ نشست سابق مرکزی وزیر ایل مروگن کے استعفے کے باعث خالی ہوئی ہے۔