وزیر اعظم مودی نے 4 روزہ چھٹھ کے عظیم تہوار کے اختتام پر لوگوں کو مبارک باد دی
نئی دہلی، 16 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز 4 روزہ چھٹھ کے عظیم تہوار کے اختتام پر لوگوں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر عقیدت مندوں نے طلوع ہوتے سورج کو ارگھیہ پیش کیا اور چھٹھی میا سے ورت رکھنے والوں اور ملک کے عوام کے لیے آشیرواد کی پرارتھنا کی۔وزیر اعظم مودی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے ایک پیغام میں چھٹھ کو قدرت کے نام وقف ایک الٰہی تہوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار پختہ عزم، نظم و ضبط اور روحانی عقیدت کا ایک شاندار امتزاج ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”4 دن تک جاری رہنے والا چھٹھ کا عظیم تہوار آج طلوع ہوتے سورج کو ارگھیہ پیش کرنے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ قدرت کے نام وقف اس الٰہی تہوار میں پختہ عزم اور روحانی عقیدت کا شاندار امتزاج دیکھنے کو ملا۔”تمام عقیدت مندوں اور ملک کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کی پرارتھنا کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ”میں چھٹھی میا سے پرارتھنا کرتا ہوں کہ وہ ورت رکھنے والے تمام لوگوں اور ملک کے عوام پر اپنی کرپا اور آشیرواد برقرار رکھیں۔”
بہار، جھارکھنڈ، مشرقی اتر پردیش اور نیپال کے کچھ حصوں میں انتہائی عقیدت کے ساتھ منایا جانے والا یہ 4 روزہ تہوار سورج دیوتا اور چھٹھی میا کی پوجا کے لیے وقف ہے۔ یہ قدرت کی پوجا سے وابستہ اہم ترین مذہبی رسومات میں سے ایک ہے، جو اپنے سخت ضابطوں، پرہیز، پاکیزگی اور روحانی نظم و ضبط کے لیے جانا جاتا ہے۔
اس تہوار کا اختتام چوتھے دن ‘اوشا ارگھیہ’ کے ساتھ ہوتا ہے۔ اس دن عقیدت مند طلوع آفتاب سے پہلے دریاؤں، تالابوں اور دیگر آبی ذخائر کے کنارے جمع ہوتے ہیں اور طلوع ہوتے سورج کو ارگھیہ پیش کرکے پرارتھنا کرتے ہیں۔ اس سے پہلے شام کے وقت ڈوبتے سورج کو ‘سندھیا ارگھیہ’ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ رسم سورج کی زندگی بخش توانائی اور قدرتی دنیا کو برقرار رکھنے میں اس کے کردار کے تئیں اظہار تشکر کی علامت ہے۔
