جُوہو ساحل پر عقیدت مندوں کا بھاری ہجوم، وزیر اعلیٰ فڈنویس نے چھٹھ پوجا کی مبارک باد دی
ممبئی، (یو این آئی) گہری عقیدت، باہمی ہم آہنگی اور ثقافتی شان و شوکت کے ماحول میں ممبئی میٹروپولیٹن علاقہ (جس میں تھانے، بھیونڈی اور وسئی۔ویرار شامل ہیں) آج چھٹھ پوجا کے مقدس تہوار کی خوشیوں میں ڈوب گیا۔ شمالی ہندوستان کے لاکھوں عقیدت مند آج سمندر کے ساحلوں، جھیلوں اور دریاؤں کے کنارے جمع ہوئے۔اس تہوار کا سب سے بڑا مرکز ممبئی کا مشہور جُوہو چوپاٹی رہا، جہاں سورج دیوتا اور چھٹھی مَیا کی پوجا کرنے کے لیے لوگوں کا بھاری ہجوم امڈ پڑا۔اس تہوار کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ گئی جب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس وہاں پہنچے۔ انہوں نے عقیدت مندوں کے سامنے سر جھکایا اور روزہ رکھنے والے لوگوں کو چھٹھ پوجا کی دلی مبارک باد دی۔
ہزاروں خواتین نے سخت ‘نرجلا’ (بغیر پانی پیے) روزہ رکھا اور روایتی بھجنوں اور مذہبی رسومات کے درمیان مقدس پانی میں اتر کر ڈوبتے سورج کو ‘ارگھ’ پیش کیا۔ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر وزیر اعلیٰ فڈنویس کافی متاثر ہوئے اور انہوں نے اس وسیع مجمع کا ذکر کیا۔وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فڈنویس نے کہا، ”آج جب میں چاروں طرف دیکھتا ہوں تو مجھے دو سمندر دکھائی دیتے ہیں۔ ایک ہمارے سامنے پانی کا قدرتی سمندر ہے اور دوسرا لوگوں کا ایک وسیع سمندر ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کو غیر متزلزل عقیدت کے ساتھ ایک جگہ جمع ہوتے دیکھنا واقعی بہت خوشی کی بات ہے۔”
سورج کی سائنسی اور روحانی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زمین پر زندگی پوری طرح شمسی توانائی پر منحصر ہے، اس لیے فطرت کی پوجا ہمارے وجود کی ایک اہم بنیاد ہے۔مذہبی رواداری اور تنوع کا پیغام دیتے ہوئے فڈنویس نے کہا کہ خدا انسانوں کی بنائی ہوئی حدوں سے بالاتر ہے۔فڈنویس نے زور دیتے ہوئے کہا، ”چاہے سورج دیوتا ہوں، چھٹھی مَیا ہوں یا مقدس پانی، خدا کبھی امتیاز نہیں کرتا۔ آشیرواد دینے سے پہلے خدا آپ کی ذات، مذہب یا علاقے کو نہیں دیکھتا۔ جو بھی سچی عقیدت کے ساتھ خدا کی پناہ میں آتا ہے، اسے اس کا آشیرواد ضرور ملتا ہے۔
