درست مردم شماری سے ترقی یافتہ یوپی کا ٹھوس ایکشن پلان بنے گا: یوگی
وزیر اعلیٰ نے کہا:معاشرے کے ہر طبقے کی حقیقی سماجی، معاشی اور آبادیاتی (ڈیموگرافک) صورتحال کا پتہ لگانا ضروری
لکھنؤ، (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مردم شماری 2027 اتر پردیش کی ہمہ جہت ترقی کی سمت طے کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مردم شماری سے حاصل ہونے والے درست اور مستند اعداد و شمار کی بنیاد پر حکومت مستقبل کی اسکیموں کے لیے ٹھوس ایکشن پلان تیار کر سکے گی۔ اس سے انتظامیہ کو اسکیموں کو زمینی سطح پر مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ریاست کی بیشتر ترقیاتی اسکیمیں 2011 کی مردم شماری کے اعداد و شمار پر مبنی رہی ہیں۔ ایسے میں نئی مردم شماری کے ذریعے معاشرے کے ہر طبقے کی حقیقی سماجی، معاشی اور آبادیاتی (ڈیموگرافک) صورتحال کا پتہ لگانا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو لکھنؤ واقع لوک بھون میں مردم شماری 2027 کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کیا۔ یوگی نے کہا کہ جس کے پاس صحیح اعداد و شمار ہوں گے، وہ اتنے ہی مؤثر طریقے سے اپنی اسکیمیں بنا اور نافذ کر سکے گا۔ اتر پردیش ملک کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ ہے۔ ہندستان کا ہر چھٹا شخص یوپی میں رہتا ہے، جبکہ دنیا کا ہر 36 واں شخص اس ریاست میں رہتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مردم شماری میں کسی بھی شخص یا کمیونٹی کے چھوٹ جانے کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے مشرقی اتر پردیش کے مسہر سماج کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کا یہ سب سے پسماندہ طبقہ طویل عرصے تک بنیادی سہولیات سے محروم رہا۔ ان کے پاس پکے مکان تو دور، جھونپڑی والی زمین کا مالکانہ حق بھی نہیں تھا۔ کئی خاندانوں کے پاس راشن کارڈ اور دوسری سرکاری سہولیات تک نہیں تھیں۔ اگر پچھلی مردم شماری میں ان کی حقیقی صورتحال سامنے آ گئی ہوتی تو وہ پہلے ہی سرکاری اسکیموں کے مستحق بن سکتے تھے۔
یوگی نے کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ بننے کے بعد اس کمیونٹی کے لیے الگ سے اسکیم بنانی پڑی اور پھر انہیں سرکاری اسکیموں سے جوڑا گیا۔ مردم شماری میں کسی مستحق شخص کا نام چھوٹنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ طویل عرصے تک سرکاری اسکیموں کے فائدے سے محروم رہ سکتا ہے۔ اسی طرح کہیں تین اسکول ہونے اور کہیں کئی کلومیٹر تک اسکول نہ ہونے جیسی حالتیں بھی درست اعداد و شمار کے فقدان کا نتیجہ ہیں۔ مردم شماری سے اسکولوں، صحت مراکز، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی حقیقی ضرورت کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش میں 16 نومبر سے 30 نومبر تک خود شماری کی سہولت دستیاب رہے گی۔ اس کے تحت شہری سرکاری پورٹل پر خود اور اپنے خاندان کی معلومات درج کر سکیں گے۔ اس کے بعد یکم دسمبر سے 4 جنوری تک گھر گھر جا کر آبادی کی گنتی کی جائے گی۔ مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں ہر شخص سے مذہب، ذات، تعلیم، پیشہ، مادری زبان اور دیگر آبادیاتی پہلوؤں سے جڑے 40 سوالات پوچھے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی سب سے بڑی آبادی کو دیکھتے ہوئے یہاں مردم شماری کی خصوصی ذمہ داری ہے۔ اس مہا ابھیان کی کامیابی کے لیے انتظامی تال میل، عوامی نمائندوں کی فعال شراکت اور عام لوگوں کی بیداری ضروری ہے۔ ضلع مجسٹریٹ خود مہم کی قیادت کریں گے اور روزانہ اس کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ ریاست کے 18 ڈویژن، 75 اضلاع، 350 تحصیلیں، 825 ترقیاتی بلاک، 57,694 گرام پنچایتیں اور 1,04,004 ریونیو گاؤں اس مہم سے جڑیں گے۔ مدد کے لیے ہیلپ لائن 1855 بھی جاری کی گئی ہے۔
یوگی نے مردم شماری کے کام میں لگے افسران اور ملازمین سے پوری دیانت داری، حساسیت اور شائستگی کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر خاندان تک پہنچ کر صحیح جانکاری اکٹھی کرنا ضروری ہے۔ کسی بھی شخص کو مردم شماری سے نہیں چھوٹنا چاہیے۔ خاص طور پر دور دراز کی بستیوں، کرایہ داروں، تارکین وطن مزدوروں، اکیلے رہنے والے افراد، بزرگوں، خانہ بدوش ذاتوں اور محروم طبقات تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ مردم شماری صرف سرکاری ڈیوٹی نہیں، بلکہ ترقی یافتہ اتر پردیش اور ترقی یافتہ ہندستان کی تعمیر کی قومی مہم ہے۔ اعداد و شمار کی رازداری اور مردم شماری کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو سمجھایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خود شماری میں اپنے والدین، بزرگوں اور پڑوسیوں کی آن لائن معلومات درج کرانے میں مدد کریں اور خود شماری مکمل ہونے کے بعد حاصل ہونے والی آئی ڈی کو محفوظ رکھیں۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی بیداری بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری میں ہر شخص کی شرکت یقینی ہو گی، تبھی آنے والی دہائی کے لیے ترقی کا مؤثر ایکشن پلان تیار کیا جا سکے گا۔
اس دوران وزیر خزانہ و پارلیمانی امور سریش کمار کھنہ، رکن اسمبلی ڈاکٹر نیرج بورا، رکن اسمبلی جے دیوی سمیت کئی لیڈر اور افسران موجود رہے۔
