قومی خبریں

لنگامانینی رمیش کی وزیر اعظم سے سستی ادویات کے لیے قومی پالیسی متعارف کرانے کی اپیل

وجے واڑہ،  (یو این آئی) جنا سینا پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ لنگامانینی رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ ملک کے ہر شہری کو مناسب قیمت پر معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک جامع قومی سستی ادویات پالیسی متعارف کرائی جائے۔پیر کے روز وزیر اعظم کو پیش کردہ ایک یادداشت میں رمیش نے مرکزی حکومت کے اس حالیہ فیصلے کی ستائش کی، جس کے تحت کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی 137 ایسی ادویات کے تجارتی منافع کی شرح کو معقول بنایا گیا ہے جو مقررہ شیڈول میں شامل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں لیا گیا یہ فیصلہ کینسر کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے بڑی راحت کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے مرکز سے اپیل کی کہ اسی طرح کے اقدامات ذیابیطس، امراض قلب، گردوں کے امراض اور دیگر دائمی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والیادویات کو عام لوگوں کی پہنچ میں لانے کے لیے بھی کیے جائیں۔ملک بھر میں طبی علاج کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر عوام کی تشویش کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ ادویات کی سپلائی چین کے مختلف مراحل پر وصول کیے جانے والے بھاری منافع کے باعث مریضوں پر مالی بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے۔
رمیش نے پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی پریوجنا کو وسعت دینے پر زور دیا، خاص طور پر دیہی علاقوں، چھوٹے شہروں اور دور دراز خطوں میں اس اسکیم کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت پر توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت مراکز اور سرکاری اسپتالوں میں مزید جن اوشدھی کیندروں کا قیام عمل میں لایا جانا چاہیے، تاکہ وہاں معیاری جنرک ادویات مناسب قیمتوں پر مسلسل دستیاب رہ سکیں۔
ایک جامع قومی صحت نگہداشت نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ آیوشمان بھارت کو مختلف ریاستی حکومتوں کی صحت بیمہ اور طبی سہولتوں کی ضمانت دینے والی اسکیموں کے ساتھ مزید بہتر طور پر مربوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کسی بھی خاندان کو قرض کے بوجھ تلے دبنے یا علاج سے محروم ہونے کی نوبت نہیں آنی چاہیے۔رکن پارلیمنٹ نے بازار میں نقلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے ادویات کی تشہیر اور ڈاکٹروں کی جانب سے نسخے تجویز کرنے کے طریقہ کار میں زیادہ شفافیت کی ضرورت پر زور دیا۔ رمیش نے غیر اخلاقی ترغیبات کی روک تھام اور مریضوں کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کے لیے موجودہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مرکزی حکومت سے یہ بھی اپیل کی کہ نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے)، مرکزی اور ریاستی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کی شمولیت کے ساتھ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے، تاکہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق ضوابط اور معیار کے اصولوں پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔