اداریہ ؍مضامین

عمران پرتاپ گڑھی کی نظم ’’میرے والد‘‘ نے لاکھوں دلوں میں جگائی باپ کی یاد

سید آصف امام کاکوی

7970631167

کچھ موضوعات ایسے ہوتے ہیں جن پر لکھنے کے لیے صرف قلم کا ہونا کافی نہیں ہوتا، ان کے لیے ایک حساس دل، درد سے آشنا روح اور زندگی کے تجربات کی گہرائی درکار ہوتی ہے۔ باپ بھی ایک ایسا ہی رشتہ ہے جس کی عظمت، محبت، شفقت، قربانی اور خاموش جدوجہد کو الفاظ کے محدود دائرے میں قید کرنا آسان نہیں۔ ماں کی محبت پر صدیوں سے لکھا جاتا رہا ہے، شاعروں نے ممتا کے رنگ بکھیرے ہیں، ادیبوں نے ماں کی عظمت کو سلام پیش کیا ہے، لیکن باپ کی محبت کا ایک الگ جہان ہے۔ وہ اپنی خواہشات کو اولاد کے خوابوں پر قربان کرتا ہے، اپنی پریشانیوں کو مسکراہٹ کے پردے میں چھپاتا ہے، اپنی تھکن کو ذمہ داریوں کے بوجھ تلے دبا دیتا ہے اور زندگی بھر اس کوشش میں مصروف رہتا ہے کہ اس کی اولاد کو وہ محرومیاں نہ دیکھنی پڑیں جن سے گزر کر اس نے اپنی زندگی کا سفر طے کیا ہوتا ہے۔گزشتہ دنوں معروف شاعر عمران پرتاپ گڑھی کی نظم ’’میرے والد‘‘ نے ادبی اور سماجی حلقوں میں ایک نئی گفتگو کو جنم دیا ہے۔ ہندوستان کے مختلف شہروں سے لے کر متحدہ عرب امارات تک اس نظم کے اشعار سنے جا رہے ہیں۔ لوگ اپنے سوشل میڈیا اسٹیٹس پر اس نظم کو جگہ دے رہے ہیں، اپنے والد کی تصویروں کے ساتھ جذبات کا اظہار کر رہے ہیں اور برسوں پرانی یادوں کے دریچوں میں جھانک رہے ہیں۔ کسی کی آنکھ اپنے مرحوم والد کو یاد کرکے نم ہے، تو کوئی اپنے حیات والد کی موجودگی کو ایک عظیم نعمت سمجھتے ہوئے ان کے احترام کا اظہار کر رہا ہے۔ یہ محض ایک نظم کی مقبولیت کا معاملہ نہیں، بلکہ ایک ایسے رشتے کی یاد دہانی ہے جس کی اہمیت ہر انسان کی زندگی میں غیر معمولی ہے۔ اس نظم کے حوالے سے جہاں بے شمار لوگ تعریف و تحسین کے کلمات ادا کر رہے ہیں، وہیں بعض حلقوں میں تنقید اور سوالات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ باپ پر پہلے بھی بہت کچھ لکھا جا چکا ہے، بڑے بڑے شعرا نے اس موضوع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے، پھر اس نظم کو اتنی غیر معمولی توجہ کیوں مل رہی ہے؟ بعض لوگ اس کے جواب میں اپنی ادبی آرا پیش کر رہے ہیں اور مختلف حوالوں سے گفتگو کر رہے ہیں۔ میری نظر میں یہ بحث بھی ادب کے زندہ ہونے کی ایک علامت ہے، بشرطیکہ اختلافِ رائے کا دامن تہذیب اور دلیل سے وابستہ رہے۔ حقیقت یہ ہے کہ محبت، ماں، باپ، جدائی، وفا اور انسانیت جیسے موضوعات کبھی پرانے نہیں ہوتے۔ میر و غالب سے لے کر اقبال، فیض اور آج کے معاصر شعرا تک ہر دور میں ان انسانی جذبات کو مختلف انداز میں بیان کیا جاتا رہا ہے۔موضوع اگرچہ وہی رہتا ہے، لیکن ہر شاعر کا تجربہ، اس کا احساس، اس کا اسلوب اور اس کے اظہار کا انداز الگ ہوتا ہے۔ ایک ہی چاند کو صدیوں سے دیکھا جا رہا ہے، مگر ہر شاعر نے اسے اپنی نگاہ اور اپنے احساس کے مطابق شعر میں ڈھالا ہے۔ پھر باپ جیسے عظیم رشتے پر لکھے گئے الفاظ کو صرف اس بنیاد پر کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے کہ اس موضوع پر پہلے بھی لکھا جا چکا ہے؟’’عمران پرتاپ گڑھی کی نظم اپنی جگہ، مگر اردو ادب کی تاریخ کسی ایک شاعر سے شروع نہیں ہوتی؛ والد کی عظمت پر ہمارے اساتذۂ سخن پہلے بھی اپنے قلم کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ والد کی محبت، شفقت، قربانی، محنت اور بے لوث سرپرستی ہمیشہ سے اہلِ قلم کے لیے ایک اہم موضوع رہی ہے۔ ہمارے متعدد محترم اساتذہ اور نامور شعرا اس موضوع پر نظمیں اور اشعار تخلیق کر چکے ہیں۔ اس لیے یہ دعویٰ کرنا کہ باپ پر نظم پڑھنے یا اس موضوع کو شعری اظہار کا حصہ بنانے والے پہلے شاعر صرف عمران پرتاپ گڑھی ہیں، ادبی تاریخ کے تناظر میں درست نہیں ہوگا۔ عمران بھائی نے اپنے والدِ محترم کی محبت اور عظمت کو نظم کے ذریعے جس انداز میں پیش کیا، اسے ان کی ایک تخلیقی کاوش کے طور پر ضرور دیکھا جانا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ اردو شاعری کی سابقہ روایت اور اپنے پیش رو شعرا کی خدمات کا اعتراف بھی ضروری ہے۔ دوسری جانب، معروف شاعر عمران پرتاپ گڑھی کی والدِ محترم کی شان میں پڑھی گئی نظم بھی ایک تنازعے کا سبب بن گئی ہے۔ نظم کے ایک مصرعے پر بعض مذہبی حلقوں کی جانب سے اعتراض سامنے آیا اور اطلاعات کے مطابق مکَن پور شریف سے ان کے خلاف فتویٰ بھی جاری کیا گیا۔ اس معاملے میں ضروری ہے کہ نظم کے مکمل متن، متعلقہ مصرعے کے سیاق و سباق اور اعتراض کی اصل بنیاد کو سامنے رکھ کر گفتگو کی جائے۔ ادبی اختلاف، مذہبی اعتراض اور کسی تخلیق کی تنقید کو جذباتی ردِعمل کے بجائے علم، دلیل، شائستگی اور سنجیدگی کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے۔ گزشتہ دنوں عمران پرتاپ گڑھی بھائی کی نظم ’’میرے والد‘‘ سننے کا موقع ملا۔ یقین جانیے، اس نظم نے میرے دل کے ان دریچوں کو کھول دیا جہاں میرے والد مرحوم کی یادیں آج بھی سانس لیتی ہیں۔
میں بھی ان لاکھوں لوگوں میں شامل ہوں جن کے سروں سے والد کا سایہ اٹھ چکا ہے۔ میرے والد محترم حاجی سید ظریف امام کاکوی، جنہیں لوگ محبت سے لدّن کے نام سے جانتے تھے، 24 ستمبر 2022 کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کی جدائی کو برسوں گزر چکے ہیں، لیکن کچھ رشتے وقت کے ساتھ ماضی کا حصہ نہیں بنتے، بلکہ انسان کے وجود میں پہلے سے زیادہ گہرائی کے ساتھ زندہ رہتے ہیں۔ والد کی آواز، ان کا اندازِ گفتگو، ان کی نصیحتیں، ان کی شفقت، ان کی ڈانٹ، ان کی دعائیں اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے آج بھی زندگی کے مختلف موڑ پر یاد آتے ہیں۔ کبھی کوئی خوشی ملتی ہے تو دل چاہتا ہے کہ کاش آج والد ہمارے درمیان ہوتے، کبھی کوئی مشکل پیش آتی ہے تو بے اختیار خیال آتا ہے کہ کاش ان کے پاس بیٹھ کر مشورہ لے سکتا۔ بعض اوقات انسان کے پاس دنیا کی تمام آسائشیں موجود ہوتی ہیں، مگر والد کی ایک آواز سننے کی خواہش پوری نہیں ہو پاتی۔ یہی وہ درد ہے جسے کوئی دوسرا مکمل طور پر محسوس نہیں کر سکتا۔ شاید اسی لیے عمران بھائی کی اس نظم نے میرے اندر بھی ایک طوفان برپا کر دیا۔ میں نے محسوس کیا کہ یہ صرف کسی شاعر کی نظم نہیں، بلکہ ان تمام بیٹوں اور بیٹیوں کے جذبات کی ترجمانی ہے جن کے والد اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، اور ان لوگوں کے لیے بھی ایک خوب صورت یاد دہانی ہے جن کے والدین آج بھی ان کے درمیان موجود ہیں۔ ہندوستان کے مختلف شہروں سے لے کر متحدہ عرب امارات اور دنیا کے دوسرے حصوں تک سوشل میڈیا، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر اس نظم کے اشعار سنے جا رہے ہیں۔۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس نظم کو مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اب تک 150 ملین سے زائد مرتبہ سنا جا چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار اس نظم کو ملنے والی عوامی توجہ اور دلچسپی کی عکاسی کرتے ہیں۔ لوگ اپنے والد کی تصویروں کے ساتھ اس نظم کو شیئر کر رہے ہیں، اپنے احساسات لکھ رہے ہیں، کسی کی آنکھیں نم ہیں، کوئی اپنے والد کے ساتھ گزارے ہوئے لمحوں کو یاد کر رہا ہے، کوئی برسوں بعد اپنے والد کی تصویر اپنے اسٹیٹس پر لگا رہا ہے، تو کوئی خاموشی سے اپنے مرحوم والد کے لیے دعا کر رہا ہے۔ ذرا سوچیے، ایک نظم کے ذریعے کتنے لوگ اپنے والدین کی طرف متوجہ ہوئے، کتنے گھروں میں باپ کی محبت کا ذکر ہوا، کتنے لوگوں نے اپنے والد کی موجودگی کی قدر محسوس کی اور کتنے دلوں میں برسوں سے دبے ہوئے جذبات کو اظہار کا راستہ ملا۔ کیا یہ کسی تخلیق کا معمولی اثر ہے؟ کیا ہمیں اس پہلو کو نظر انداز کر دینا چاہیے؟ میرے نزدیک عمران پرتاپ گڑھی بھائی کی اس نظم کا سب سے بڑا حاصل یہی ہے کہ اس نے لوگوں کو ایک ایسے رشتے کی طرف دوبارہ متوجہ کیا جس کی اہمیت زندگی کی مصروفیات میں اکثر پس منظر میں چلی جاتی ہے۔
میں ادب کا ایک طالب علم ہوں، اردو زبان و ادب سے محبت رکھتا ہوں اور ایک طویل عرصے سے اردو اخبارات میں اداریے، مضامین اور سماجی موضوعات پر اپنے خیالات قلم بند کرتا رہا ہوں۔ اس لیے میں جذبات کی رو میں بہہ کر کسی شاعر کے ادبی مقام کے بارے میں غیر حقیقی دعوے کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔ ہمیں یہ بات سمجھنی ہوگی کہ ادبی مقام، شعری صلاحیت، فنی پختگی، زبان پر گرفت، عروض کی باریکیوں سے واقفیت اور عوامی مقبولیت الگ الگ پیمانے ہیں۔ کسی شاعر کی ایک نظم بے حد مقبول ہو جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اردو ادب کے تمام بڑے شعرا کے برابر کھڑا ہو گیا، اور نہ ہی کسی شاعر کے ادبی مقام پر سوال اٹھانے سے اس کی کسی اچھی تخلیق کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی کی شاعری کے حوالے سے میری اپنی ایک رائے ہے۔ میں انہیں اردو کے کلاسیکی اور بڑے شعری سرمائے کے اس مقام پر نہیں رکھتا جہاں میر، غالب، اقبال، فیض اور دوسرے عظیم شعرا اپنی فنی عظمت، زبان و بیان، شعری گہرائی اور ادبی خدمات کے باعث موجود ہیں۔ غزل کی باریکیوں، اردو زبان کے وسیع ادبی ذخیرے اور کلاسیکی شعری روایت کے حوالے سے عمران بھائی کی گرفت پر گفتگو کی گنجائش موجود ہے۔ ان کے کلام کے فنی محاسن اور کمزوریوں پر اہلِ علم اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کسی شاعر کی ہر تخلیق کو صرف اس کے مجموعی ادبی مقام کے ترازو میں رکھ کر ہی دیکھا جائے گا؟ کیا ایک شاعر اپنے عمومی شعری معیار سے بلند ہو کر کوئی ایسی نظم نہیں کہہ سکتا جو لاکھوں لوگوں کے دلوں کو چھو لے؟ یقیناً کہہ سکتا ہے! کبھی کبھی قدرت کسی انسان سے ایسا کام لے لیتی ہے جس کے اثرات اس کی اپنی توقعات سے بھی کہیں آگے نکل جاتے ہیں۔ ہم عمران بھائی کے ادبی سفر کو دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ بنارس ہندو یونیورسٹی کے طالب علم رہے ہیں، انہیں بچپن سے شعر و شاعری کا شوق رہا، انہوں نے اپنی دلچسپی اور ذوق کے مطابق پڑھا، سنا اور مشاعروں میں اپنے اشعار پیش کیے۔ انہوں نے اپنی ایک الگ شناخت بنائی، لوگوں تک پہنچے اور عوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔ یہ سفر بھی اپنی جگہ قابلِ توجہ ہے۔ میں ان کی ہر بات، ہر شعر یا ہر ادبی دعوے سے اتفاق کروں، یہ ضروری نہیں، لیکن جہاں کوئی اچھی تخلیق سامنے آئے، وہاں دل کھول کر داد دینا بھی ایک زندہ ادبی ذوق کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ عزت اور شہرت عطا کرنے والا ہے۔ عزت کس کے حصے میں آئے گی، کس کی آواز لوگوں کے دلوں تک پہنچے گی اور کس کے الفاظ زمانے میں اثر پیدا کریں گے، اس کا فیصلہ اللہ کے اختیار میں ہے۔ انسان کوشش کرتا ہے، محنت کرتا ہے، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتا ہے، مگر قبولیت اور اثر اللہ کی عطا ہے۔ اسی لیے کسی کی مقبولیت دیکھ کر دل میں تنگی پیدا کرنا، اس کی ہر اچھی کاوش میں عیب تلاش کرنا یا اس کی پذیرائی سے پریشان ہونا مناسب نہیں۔ اگر کسی کو عمران بھائی کی شاعری میں فنی کمزوریاں نظر آتی ہیں تو وہ ضرور نشان دہی کرے، اس پر علمی گفتگو کرے، دلیل کے ساتھ اپنی رائے پیش کرے، لیکن کسی کی مقبولیت سے جلنے کے بجائے اس کے اچھے کام کو تسلیم کرنے کا ظرف بھی پیدا کرے۔ اختلافِ رائے ادب کا حسن ہے، مگر اختلاف کو ذاتی مخالفت اور حسد میں تبدیل کر دینا ادبی تہذیب کے شایانِ شان نہیں۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اردو ادب کسی ایک شخص کی جاگیر نہیں، نہ کسی شاعر کو اس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے کی تخلیق کے لیے جگہ تنگ کرے۔ اردو زبان کا دامن بہت وسیع ہے۔ اس میں میر کی سادگی بھی ہے، غالب کی فکری گہرائی بھی، اقبال کی خودی بھی، فیض کی انقلابی فکر بھی، جوش کی خطابت بھی اور بے شمار معاصر شعرا کے اپنے اپنے رنگ بھی۔ ہر دور میں نئے لوگ آتے ہیں، نئی آوازیں ابھرتی ہیں اور اپنے عہد کے انسانوں کے جذبات کو اپنے انداز میں بیان کرتے ہیں۔ ہمیں ان آوازوں کو سننے اور پرکھنے کا حوصلہ رکھنا چاہیے۔ لیکن اس پوری بحث میں ایک سوال سب سے زیادہ اہم ہے: آخر عمران پرتاپ گڑھی کی نظم ’’میرے والد‘‘ نے ایسا کیا کر دکھایا کہ لاکھوں لوگ اسے سن رہے ہیں؟ میرے خیال میں اس کا جواب بہت سادہ بھی ہے اور بہت گہرا بھی۔ اس نظم نے انسان کو اس کے اپنے گھر، اپنے بچپن، اپنے والد کی محبت اور اپنی زندگی کے ان لمحوں کی طرف لوٹا دیا ہے جنہیں وہ وقت کی تیز رفتار میں کہیں پیچھے چھوڑ آیا تھا۔ ایک باپ جب صبح گھر سے نکلتا ہے تو اس کے ساتھ صرف روزگار کی فکر نہیں ہوتی، بلکہ پورے خاندان کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ وہ دھوپ میں جلتا ہے، سردی میں ٹھٹھرتا ہے، اپنی ضروریات کو مؤخر کرتا ہے، بچوں کی تعلیم کے لیے پیسے جمع کرتا ہے، ان کے مستقبل کے خواب دیکھتا ہے اور کبھی اپنی تکلیف کا ذکر تک نہیں کرتا۔ وہ شاید ہر روز اپنی اولاد سے یہ نہیں کہتا کہ میں تم سے محبت کرتا ہوں، لیکن اس کی پوری زندگی اس محبت کی عملی تفسیر ہوتی ہے۔ اس کی خاموشی میں فکر ہوتی ہے، اس کی سختی میں تربیت ہوتی ہے، اس کی نصیحتوں میں زندگی کا تجربہ ہوتا ہے اور اس کی دعاؤں میں اولاد کے روشن مستقبل کی آرزو ہوتی ہے۔ جب اولاد بڑی ہوتی ہے تو اسے والد کی ان باتوں کی حقیقت سمجھ میں آنے لگتی ہے جنہیں کبھی وہ پابندی سمجھتی تھی۔ زندگی کے تجربات انسان کو بتاتے ہیں کہ باپ کی ڈانٹ کے پیچھے بھی ایک فکر مند دل دھڑکتا تھا۔ اس نے خود محرومیاں برداشت کیں تاکہ اس کے بچوں کو آسانیاں میسر ہوں۔ اس نے اپنی پسند کو قربان کیا تاکہ اولاد اپنی پسند کی زندگی جی سکے۔ اس نے اپنی خواہشات کو دفن کیا تاکہ بچوں کے خواب زندہ رہیں۔ لیکن افسوس، اکثر ہم ان قربانیوں کی پوری قدر اس وقت کرتے ہیں جب والد ہمارے درمیان موجود نہیں رہتے۔ میرے والد مرحوم کی یادیں میرے لیے بھی زندگی کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کے جانے کے بعد احساس ہوا کہ گھر کی دیواریں، دروازے اور آنگن تو وہی رہتے ہیں، لیکن والد کی موجودگی سے جو اطمینان اور تحفظ حاصل ہوتا تھا، اس کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ انسان دنیا میں ترقی کر سکتا ہے، نام کما سکتا ہے، کامیابیوں کی منزلیں طے کر سکتا ہے، لیکن والد کے سائے کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی ہے۔ اسی لیے جب میں عمران بھائی کی نظم سنتا ہوں تو مجھے صرف اس نظم کے اشعار نہیں سنائی دیتے، مجھے اپنے والد کی یادوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔ مجھے ان تمام لوگوں کے چہرے دکھائی دیتے ہیں جو اپنے والد کو یاد کرکے خاموشی سے آنسو پونچھ رہے ہیں۔ میں ان بیٹوں اور بیٹیوں کے احساسات کو سمجھ سکتا ہوں جنہوں نے اپنے والد کو کھو دیا ہے، اور ان خوش نصیب لوگوں کو بھی دیکھتا ہوں جن کے والدین آج ان کے درمیان ہیں، مگر شاید روزمرہ کی مصروفیات میں انہیں اتنا وقت نہیں دے پاتے جتنا دینا چاہیے۔ میری ان تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ اگر آپ کے والد حیات ہیں تو ان کی قدر کیجیے۔ ان کے پاس بیٹھا کیجیے، ان کی بات سنیے، ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیے، ان کی ضروریات کا خیال رکھیے، ان کی آنکھوں میں خوشی پیدا کیجیے۔ ان کے ہاتھوں کو تھامیے، ان کے ساتھ وقت گزاریے، کیونکہ وقت گزر جانے کے بعد انسان کے پاس صرف یادیں رہ جاتی ہیں۔ اور جن کے والد اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، وہ ان کے لیے دعائے مغفرت کریں، ان کے دوستوں اور عزیزوں کا احترام کریں، ان کی اچھی روایات کو زندہ رکھیں اور اپنے کردار کو ایسا بنائیں کہ لوگ کہیں کہ یہ ایک اچھے والد کی اچھی تربیت کا نتیجہ ہے۔ قرآن مجید نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کی جو تعلیم دی ہے، وہ محض ایک مذہبی ہدایت نہیں بلکہ انسانی معاشرت کا بنیادی اصول ہے۔ اللہ تعالیٰ نے والدین کے سامنے اُف تک کہنے سے منع فرمایا اور ان کے لیے رحمت کی دعا سکھائی: رَبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا۔ یعنی اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما، جس طرح انہوں نے بچپن میں میری پرورش کی۔ اس ایک دعا میں والدین کے احسانات، ان کی محبت اور ان کی قربانیوں کا پورا فلسفہ پوشیدہ ہے۔ آج جب عمران پرتاپ گڑھی بھائی کی نظم لاکھوں لوگوں تک پہنچ رہی ہے تو ہمیں اس کے مثبت پہلو کو بھی دیکھنا چاہیے۔ اگر ایک نظم نے کسی بیٹے کو اپنے والد کی قبر پر فاتحہ پڑھنے کی یاد دلائی، کسی بیٹی کو اپنے والد سے محبت کا اظہار کرنے پر آمادہ کیا، کسی نوجوان کو اپنے والد کے ساتھ چند لمحے گزارنے کی ترغیب دی اور کسی شخص کو اپنے والد کی قربانیوں کا احساس دلایا تو یہ ایک بڑی انسانی خدمت ہے۔ اس کا کریڈٹ شاعر کو ضرور ملنا چاہیے۔ یہ کہنا مناسب نہیں کہ چونکہ اس موضوع پر پہلے بھی بہت کچھ لکھا جا چکا ہے، اس لیے اب کسی نئی نظم کی اہمیت نہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو دنیا میں محبت، جدائی، وفا، انسانیت، ماں اور باپ پر مزید کوئی شعر نہ کہا جاتا۔ موضوع کبھی پرانا نہیں ہوتا، انسان کا احساس ہر دور میں نیا ہوتا ہے۔ ایک ہی چاند کو صدیوں سے دیکھا جا رہا ہے، مگر ہر نسل اسے اپنے انداز میں محسوس کرتی ہے۔ ایک ہی ماں کی محبت، ایک ہی باپ کی قربانی اور ایک ہی جدائی کا درد ہر انسان کے لیے الگ تجربہ رکھتا ہے۔ یہی ادب کی خوب صورتی ہے۔ میری نظر میں عمران بھائی کو اس نظم کے لیے مبارک باد دینی چاہیے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہم ان کے ہر شعر کے فنی معیار سے متفق ہوں، یہ بھی ضروری نہیں کہ انہیں اردو شاعری کا سب سے بڑا شاعر قرار دیں، لیکن جو اچھی چیز ان کے ذریعے سامنے آئی ہے، اس کی تحسین کرنے میں بخل کیوں؟ اللہ تعالیٰ نے کم عمری میں انہیں جو عزت، شہرت اور عوامی پذیرائی عطا کی ہے، اس کے لیے انہیں شکر گزار ہونا چاہیے اور اپنے مطالعے، زبان و بیان اور شعری صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ شہرت ایک ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔ جس شخص کی آواز لاکھوں لوگوں تک پہنچتی ہے، اس کے الفاظ اور اس کے کردار سے بھی لوگوں کو بہت سی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں۔ میری دعا ہے کہ عمران بھائی کی یہ مقبولیت انہیں مزید مطالعے، مزید محنت، مزید ادبی پختگی اور اردو زبان کی خدمت کی طرف لے جائے۔ انہیں چاہیے کہ اردو ادب کے عظیم شعری سرمائے کا گہرا مطالعہ کریں، اہلِ علم سے استفادہ کریں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید وسعت دیں۔ اسی طرح ان کے ناقدین سے بھی گزارش ہے کہ تنقید ضرور کریں، مگر کسی کی کامیابی سے اپنی خوشی کو کم نہ ہونے دیں۔ کسی کو داد دینے سے آپ کا ادبی مقام چھوٹا نہیں ہوتا، بلکہ آپ کے ظرف اور وسعتِ نظر میں اضافہ ہوتا ہے۔ یاد رکھیے، کسی شاعر کی مقبولیت سے اردو ادب کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، نقصان اس وقت ہوتا ہے جب ہم اختلاف کو دشمنی اور تنقید کو ذاتی عناد بنا لیتے ہیں۔ آخر میں بس اتنا کہنا چاہوں گا کہ میرے والد آج میرے درمیان نہیں ہیں، مگر ان کی محبت، ان کی تربیت اور ان کی یادیں میرے ساتھ ہیں۔ عمران بھائی کی نظم سنتے ہوئے میں نے اپنے والد کو بہت شدت سے یاد کیا۔ شاید اسی طرح لاکھوں لوگوں نے اپنے اپنے والد کو یاد کیا ہوگا۔ میں ان تمام لوگوں کے درد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے والد کو کھویا ہے، اور ان تمام لوگوں کو مبارک باد دیتا ہوں جن کے والد آج بھی ان کے سروں پر شفقت کا سایہ بنے ہوئے ہیں۔ باپ کی عظمت کو کسی نظم، کسی شاعر یا کسی مضمون کی محتاجی نہیں، لیکن اگر کوئی نظم ہمیں اپنے باپ کی عظمت کا احساس دوبارہ دلا دے تو اسے محبت سے قبول کرنا چاہیے۔ کیونکہ باپ صرف ایک رشتہ نہیں، ایک مکمل دنیا ہے؛ ایک ایسا سائبان جو خود دھوپ میں جلتا ہے تاکہ اس کی اولاد سایہ محسوس کرے۔ اس کی خاموش قربانیاں، اس کی بے لوث محبت اور اس کی دعائیں زندگی بھر اولاد کے ساتھ رہتی ہیں۔ عمران بھائی! آپ کی نظم نے میرے جیسے ہزاروں، لاکھوں لوگوں کے دلوں میں اپنے والد کی یادوں کے چراغ روشن کیے ہیں۔ آپ کو اس کا کریڈٹ ضرور ملنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کی زبان سے ایک خوب صورت نظم پڑھوائی، اسے لوگوں کے دلوں تک پہنچایا اور اسے قبولیت عطا فرمائی۔ اس نعمت پر شکر ادا کیجیے، اپنے فن کو مزید نکھاریے اور اردو ادب کی خدمت جاری رکھیے۔ اور میرے والد سمیت دنیا سے رخصت ہو جانے والے تمام والدین کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، ان کی قبروں کو نور سے بھر دے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کی نیک یادوں اور اچھی تربیت کو زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جو والدین حیات ہیں، اللہ انہیں صحت، سلامتی، عزت اور عافیت والی طویل زندگی عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔ کچھ لوگ رخصت ہو کر بھی دلوں سے رخصت نہیں ہوتے؛ باپ بھی انہی میں سے ایک ہے۔ اس کا سایہ اٹھ جاتا ہے، مگر اس کی دعاؤں کی ٹھنڈک عمر بھر محسوس ہوتی رہتی ہے۔